زاہد بشیر
گول//گول سب ڈویژن میں حالیہ بھاری برف باری کے بعد قدرتی حسن اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے، جس کے باعث علاقے کے سیاحتی مقامات مزید دلکش بن گئے ہیں۔ برف سے ڈھکے گول کے سیاحتی مقامات نرسنگھا، دگن ٹاپ، راما کنڈ ، ایشکنڈ ، درساں گلی ، جبڑ، مزمکنڈ ، وغیرہ مقامات و مقامی سیاحوں کے لئے خاص کشش کا باعث بنے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ گول کا رخ کر رہے ہیں۔سیاحوں کی آمد سے جہاں مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں ان سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے کئی سوالات کھڑے کر دئے ہیں۔ ضلع ادھمپور کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سیاحوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں رہائش، سڑکوں کی بہتر حالت، ہٹس ،بیت الخلاء، پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔سیاح کا کہنا ہے کہ اگر چہ وہ یہاں پر پہلی مرتبہ آئے ہیں اور ادھمپور کے معروف سیاحتی مقام پتنی ٹاپ و دیگر سیاحتی مقامات سے انہیں یہ جگہ سب سے زیادہ خوبصورت لگی ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اس طرح کے قدرتی حسن سے مالا مال سیاحتی مقامات کی کوئی قدر کرنے والا نہیں ہے ۔ کئی برسوں بعد اس طرح کی بھاری برف باری ہوئی ہے جس وجہ سے یہ سیاحتی مقامات مزید ددلچسپ اور خوبصورت ہونے کے باعث سیاحوں کو اپنی جانب راغب کر رہے ہیں ۔مقامی تاجروں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اور متعلقہ محکمہ سیاحت بنیادی سہولیات فراہم کرے تو گول کو ایک نمایاں سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دیا جا سکتا ہے، جس سے مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاحوں کی بڑھتی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ آنے والے سیاح بہتر یادیں لے کر واپس جائیں اور گول کا مثبت تاثر قائم ہوتا کہ آنے والے وقت میں یہاں مزید سیاح آ سکیں جس سے نہ صرف بیروزگار نوجوان اپنا روزگار کما سکیں بلکہ سیاحوں کو بھی ایک نئے سیاحتی مقامات کی سیر کرنے کا موقعہ فراہم ہو ۔