زاہد بشیر
گول//گول کے سوسنی مہا کنڈ علاقہ میں اُس وقت ایک دلدوز سڑک حادثہ میں ڈیمپر ڈرائیور لقمہ اجل بنا جب وہ اس سڑک پر جا رہا تھا کہ اچانک سڑک پر سے ڈیمپر لڑھک گیا اور کافی دور نالے میں اس ڈیمپر کے پرخچے اُڑ گئے اور ڈرائیور شدید زخمی ہو کر موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور محمد اقبال وانی ولد عبدالرشید وانی ساکنہ ڈینگام گھوڑا گلی گول ڈیمپر نمبرJK19A 0153مہا کنڈ کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک ڈیمپر سڑک سے لڑھک گیا اور قریباً دو سو میٹر نیچے نالے میں جا گرا ۔ یہ خبر سنتے ہی ملحقہ جات کے لوگ جائے موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے نعش کو اُٹھاکر سڑک میں لایا اور اس دوران لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی حالیہ دنوں اسی موقعہ پر ایک ڈیمپر کو حادثہ پیش آیا لیکن اس موقعہ پر ڈرائیور اور اس کے ساتھی کی جان بال بال بچی ۔مقامی لوگوں کے مطابق یہاں پر سڑک کی تعمیر کے دوران ٹھیکیداروں نے غیر معیاری اور بہت ہی کم مقدار میں میٹریل کا استعمال کیا ہے جس وجہ سے یہاں پر اس طرح کے حادثے پیش آتے ہیں اور افسوس کا مقام ہے کہ گاڑی چلنے سے ڈنگے ہی نکل جاتے ہیں اور اس سے قبل بھی حادثہ ڈنگا نکلنے کی وجہ سے ہی پیش آیا تھا ۔ لوگوں نے اعلیٰ حکام سے اس بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا اور ٹھیکیداروں ومحکمہ جات کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے تا کہ آئندہ کسی کی جان اس طرح سے حادثہ کا شکار نہ ہو سکے ۔