گول//گول سب ڈویژن میں مختلف سڑکوں پر دوڑ رہی ٹاٹا سومو گاڑیوں کی جانب سے من مانی کرایہ کی وجہ سے عام لوگ شدید پریشان ہیں جس وجہ سے لوگوں میں کافی تشویش پائی جا رہی ہے ۔ جہاں ایک طرف سے 18کلو میٹر پر 50روپے کرایہ مقرر ہے وہیں دوسری جانب کئی جگہوں پر صرف 7کلو میٹر پر 50روپے لیا جا رہا ہے ۔ اگر چہ کئی مرتبہ انتظامیہ اور اے آر ٹی او رام بن کو بھی اس بارے میں مطلع کیا تھا لیکن انہوں نے ا س جانب کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ سرکاری کرایہ ایک کلو میٹر پر اڑھائی روپے بنتا ہے اس طرح سے سات کلو میٹر پر اٹھارہ روپے بنتا ہے اور بیس روپے بھی اگر لیتے کوئی بات نہیں تھی لیکن اس کے بر عکس50روپے لیا جا رہا ہے اور دو کلو میٹر پر بیس روپے لیا جا رہا ہے۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے گگر سولہ علاقہ کے لوگوں نے کہا کہ گگر سولہ سے گول تک قریباً سات کلو میٹر ہے اور کرایہ50روپے لیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کرایہ کسی حکام نے لاگو نہیں کیا ہے بلکہ گاڑی والے من مرضی سے کرایہ وصولتے ہیں اور سڑک کی حالت بھی بہتر ہے ۔ وہیں اگر گول سے سنگلدان تک18کلو میٹر پرپچاس روپے کرایہ مقرر ہے تو سات کلو میٹر پر50روپے کیوں لیا جا رہا ہے ۔ اس طرح سے سنگلدان سے ٹھٹھارکہ روڈ پر بھی سات کلو میٹر پر 50روپے لیا جا رہا ہے ، وہیں گول مہا کنڈ ، گول داچھن ، گول ڈھیڈہ ، وغیرہ روٹوں پر من مانے کرایہ کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ اگر چہ کشمیر عظمیٰ نے اس سے قبل بھی اے آر ٹی او رام بن سے اس بارے میں پوچھا تھا لیکن انہوں نے غیر ذمہ دارانہ جواب دے کر اپنے سر سے بلا ٹال دی تھی اور کہا کہ گول پولیس اور انتظامیہ ہی اس کا کچھ کر سکتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے گول کی انتظامیہ اور پولیس بالخصوص ایس ڈی پی او گول اور ایس ڈی ایم گول سے مطالبہ کیا کہ گول سب ڈویژن میں مختلف روٹوں پر چل رہی مسائل گاڑیوں کا کرایہ لاگو کیا جائے اور ہر گاڑی پر کرایہ کی لسٹ چسپاں کی جائے اور جہاں پر بس اسٹینڈ ہے وہاں پر بھی کرایہ کی لسٹ مستقل طو رپر چسپاں کیا جائے تا کہ ہر ایک شخص کو یہ معلوم ہو جائے کہ کہاں سے کہاں کتنا کرایہ ہے اور اس طر ح سے لوگوں کے ساتھ انصاف کی کچھ اُمید کی جا سکتی ہے ۔