زاہد بشیر
گول//بلاک داڑم کو گول کے ساتھ ملانی والی واحد سڑک جو علاقہ مکجی سے گزرتی ہے جس کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔ اگر چہ اس سڑک کی تعمیر کے لئے سیاسی لیڈران نے بڑے بڑے وعدے و دعوے بھی کئے لیکن زمینی سطح کی صورتحال نہایت ہی ابتر ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے گول ایس ڈی ایم دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے لئے یہاں پر صرف وعدے اور دعوے کئے جاتے ہیں لیکن اس کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے لئے اراضی کی صرف کٹائی کی گئی اور بعد میں اس کی طرف کسی نے دیکھاتک نہیں ہے ۔ بارشوں و برف باری کے دوران نالیوں کا سارا پانی زرعی اراضی و رہائشی مکانات میں جاتا ہے جس وجہ سے کئی لوگوںکے رہائشی مکانات کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ جس دوران اراضی کی کٹائی کی گئی اس دوران لوگوں کے باغات و زرعی اراضی کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا اور ابھی تک نہ ہی زمینداروں کو کوئی معاوضہ دیا ہے اورنہ ہی سڑک کی دیواریں دیںجس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ گزشتہ سال علاقہ ڈکسر میں گول رام بن شاہراہ کھسک گئی تھی اس وقت گول سب ڈویژن صدر مقام کے ساتھ ملانے والاواحد یہی راستہ تھا اور اس وقت اس سڑک کو کشادہ کرنے کے ساتھ ساتھ آٹھ کروڑ روپے دینے کے بھی وعدے کئے گئے تھے لیکن ابھی تک وہ رقم اس پر صرف نہیں کی گئی ۔ مقامی لوگوں نے موجودہ سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد اس سڑک کی حالت کو بہتر بنایا جائے تا کہ لوگ شدید نقصان سے بچ سکیں اور اس پر سفر بھی آسان ہو سکے ۔