گور نمنٹ ہائی سکول چھونگاں چروان کی عمارت 8برسوں سے تشنہ تکمیل سینکڑوں طلباء کے بیٹھنے کیلئے محض 3کمرے دستیاب ،تدریسی عمل متاثر ،محکمہ خاموش

جاوید اقبال

مینڈھر//تعلیمی زون مینڈھر کے زیر تحت آنے والے گور نمنٹ ہائی سکوہل چھونگاں چروان کی اضافی عمارت کی تعمیر گزشتہ 8برسوں سے مکمل نہیں ہوئی ہے جبکہ سکول میں سینکڑوں بچوں کے بیٹھنے کیلئے محض 3کمرے دستیاب ہیں جس کی وجہ سے خراب موسم کے دوران صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے ۔مکینوں نے شعبہ ایجوکیشن اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر کا عمل 2016میں شروع کیاگیا تھا جبکہ اس دوران عمارت کی محض بنیادیں ڈال کر اُس کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے اور پھر گزشتہ آٹھ برسوں سے اس طرف دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ برساتی موسم اور بارشوں کے دوران سکول میں بچوں کے بیٹھنے کیلئے کوئی جگہ ہی دستیاب نہیں ہوتی جس کی وجہ سے ان کو چھٹی کر دی جاتی ہے ۔والدین اور مقامی لوگوں نے شعبہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں کی جانب سے اختیاری کی گئی عدم توجہی کی وجہ سے غریبوں کے بچوں کا مستقبل خراب ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمارت کی تعمیر گزشتہ لگ بھگ ایک دہائی سے التوا کا شکار ہے لیکن اعلیٰ اس سلسلہ میں کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی بنیاد ڈالنے کے بعد ٹھیکیدار بھاری بل وگزار کروانے میں کامیاب ہوگیا جس کے بعد آج تک دوبارہ سے کوئی کام نہیں کیا جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے بھی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جلداز جلد متعلقہ ٹھیکیدار اور محکمہ کے ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور دوبارہ سے ٹینڈر نکال کر عمارت کی تعمیر مکمل کروائی جائے تاکہ بچوں کے بیٹھنے کیلئے جگہ دستیاب ہو سکے ۔