عظمیٰ نیوز سروس
درہال//گورنمنٹ ڈگری کالج درہال میں ویجی لینس آگاہی ہفتہ کا آغاز ہوا، جس کا مقصد تعلیمی کمیونٹی میں شفافیت، جوابدہی، اور اخلاقی اصولوں کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر طلباء اور عملے نے دیانت داری کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر ضمیر احمد مرزا، کنوینر انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (IQAC) اور شعبہ انگلش کے سربراہ ڈاکٹر ایم سلیم وانی، شعبہ جغرافیہ کے سربراہ ڈاکٹر تسیم احمد، ڈاکٹر محمد اخلاق، ڈاکٹر انزر احمد اور دیگر معزز اساتذہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر مرزا نے تعلیمی و ذاتی زندگی میں دیانت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور طلباء کو ایمانداری اور اخلاقی ذمہ داری کو اپنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ ’بطور مستقبل کے رہنما، آپ کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنی زندگی کے ہر پہلو میں دیانت کے اصولوں کو اپنائیں‘‘۔ڈاکٹر سلیم وانی نے دیانت داری کے فروغ میں ویجی لینس کے کردار پر زور دیتے ہوئے طلباء سے عہد کیا کہ وہ نہ صرف اخلاقی اصولوں کی پاسداری کریں بلکہ اپنے معاشرے میں شفافیت کے فروغ کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔