جموں//گورنر این این ووہرا نے آج یہاں جموں یونیورسٹی میں آل انڈیا انٹر یونیورسٹی رول بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا ۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اینڈ فزیکل ایجوکیشن کی جانب سے منعقدہ ٹورنامنٹ میں 23 خواتین اور 24 مرد وں پر مشتمل 47 ٹیمیں پانچ روزہ ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہی ہیں ۔ شرکاء ٹیموں کا خیر مقدم کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ کھیل کود طالب علموں کی شخصیت کو نکھارنے کیلئے بے حد لازمی ہے انہوں نے طالب علموں کو کھیل کود میں بھر پور دلچسپی لینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آر ڈی شرما کو تمام دستیاب سہولیات کو یونیورسٹی میں کھیل کود کے معقول بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کے قیام کیلئے استعمال کرنے کیلئے کہا ۔ ٹورنامنٹ جھنڈا لہرانے سے شروع ہوا جس کے فوراً بعد شرکاء ٹیموں نے مارچ پاسٹ پیش کیا ۔ اس موقعہ پر یونیورسٹی اور انسٹی چیوٹ آف میوزم اینڈ فائین آرٹس نے موسیقی کا پروگرام پیش کیا ۔ جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے خطبہ استقبالیہ پڑھا جبکہ رجسٹرار نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔