عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نےمعروف گجر لیڈر، سماجی کارکن اور مصنف مرحوم وزیر محمد ہکلا پونچی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کی گوجر بکروال برادری کی سماجی و اقتصادی ترقی میں وزیر محمد ہکلا پونچی کے نمایاں تعاون کو یاد کیا۔وزیر محمد ہکلہ پونچی نے قومی یکجہتی کے لیے اہم کردار ادا کیا اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی بہتری کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ انہوں نے ہمیشہ درج فہرست قبائل کے حقوق کے تحفظ کی وکالت کی اور گوجر بکروالوں کو قبائل کا درجہ دینے کا مطالبہ کرنے والی تحریک کی قیادت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر محمد کی زندگی بھر کی مہموں پر بھی روشنی ڈالی تاکہ گجر بکروال برادری کے نوجوانوں کو قوم کی تعمیر کے لیے کام کرنے اور معاشرے کی بے لوث خدمت کرنے کی ترغیب دی جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے، گوجر بکروال برادری کے ارکان نے اس عظیم قوم کی سلامتی اور ترقی میں اپنا گراں قدر حصہ ڈالا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یوٹی انتظامیہ کے معاشرے کے ہر طبقے بالخصوص قبائلی برادری کے حقوق کو بااختیار بنانے اور ان کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے قبائلی برادری کے افراد پر زور دیا کہ وہ سیکورٹی اداروں کو درست معلومات فراہم کرکے دہشت گردی اور منشیات کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔انکاکہناتھا’’ہماری گوجر بکروال برادری ہمیشہ دشمنوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی رہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کی مدد کرنے اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کی شناخت اور الگ تھلگ کرنا چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شمشیر رانا ہکلا پونچی نے اپنے والد مرحوم وزیر محمد ہکلا پونچی کی قوم کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یوٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔جسٹس محمد اکرم چودھری، جج ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر اور لداخ،امیتابھ سنگھ، چیف پوسٹ ماسٹر جنرل جموںوکشمیرسرکل، وزیر محمد ہکلہ پونچی کے خاندان کے افراد، اہم شخصیات اور گوجر بکروال برادری کے افراد موجود تھے۔