جموں// گوجربکروال سٹوڈنٹس ویلفیئرایسوسی ایشن کی جانب سے گوجردیش چیریٹیبل ٹرسٹ چھنی میں یک روزہ ثقافتی پروگرام بعنوان ’’صدائے گوجر۔2‘‘ کاانعقاد کیاگیا۔اس دوران پروگرام کی صدارت نامورادیب امین قمرنے کی ۔اس دوران ایوان صدارت میں سیکریٹری گوجربکروال مشاورتی بورڈ مختاراحمد ، بلاک ڈیولپمنٹ افسر منجاکوٹ صغیراحمد، ریٹائرڈ پرنسپل حسین محمد، حاجی ذاکرحسین، ایڈوکیٹ سیدجمیل احمد کاظمی ،نجمہ چوہدری موجودتھے۔ اس موقعہ پر مقررین نے طبقہ کے نوجوانوں ودیگرمعززین سے گوجری زبان ،ثقافت وکلچرکوترقی دینے کیلئے کام کرنے پرزوردیا۔انہوں نے گوجربکروال طبقہ کودرپیش مسائل کے ازالہ کیلئے متحدہونے کی تلقین کی۔سیکریٹری گوجربکروال مشاورتی بورڈ مختاراحمدنے کہاکہ نوجوان قوم کااثاثے کی حیثیت رکھتے ہیں اوران میں شعورکی جوجھلک نظرآرہی ہے اس سے توقع کی جاسکتی ہے کہ گوجربکروال قوم کے نوجوان طبقہ کے مسائل کاازالہ کیلئے راہیں ہموارکرنے میں اپنارول اداکریں گے۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کاسیاست سے بالاترہوکر طبقہ کی بہبودکیلئے کام کرنا خوش آئندبات ہے۔ ایڈوکیٹ جمیل کاظمی نے کہاکہ مسلمانوں کامتحدہوکر مسائل پرغوروخوذکرنے سے ہی ان کاازالہ کی راہیں استوارہوں گی۔ انہوں نے گوجربکروال سٹوڈنٹس ویلفیئرایسوسی ایشن کویونیورسٹی میں پروگرام منعقدکرنے کی اجازت نہ دینے کیلئے جموں یونیورسٹی کوتنقیدکانشانہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ یہ یونیورسٹی کافرض بنتاہے کہ وہ ٹرائبل کلچرکے فروغ کیلئے پروگراموں کے انعقادکی اجازت دے لیکن اس کے باوجود اجازت نہ دیناباعث شرم بات ہے۔ انہوں نے گوجربکروال ایسوسی ایشن سے آئندہ بھی طبقہ کی ترقی کیلئے کام جاری رکھنے پرزوردیا۔ نامورادیب امین قمرنے کہاکہ موجودہ دورمیں گوجربکروال طبقہ کو مختلف مسائل کاسامناہے جن کیلئے طبقہ کے دانشوروں اورنوجوانوں کومتحدہوکر ان کاحل تلاشنے کی ضرورت ہے۔پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹررشیدچوہدری نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اندرپوشیدہ صلاحیتوں کوبروئے کارلاکرطبقہ کی ترقی میں اپناکردارنبھائیں۔حاجی ذاکرحسین، ریٹائرڈپرنسپل محمدحسین، چوہدری نزاکت کھٹانہ، انورپھامڑہ نے بھی خیالات کااظہارکرتے ہوئے طبقہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کوبہترتعلیم دلائیں ۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال شناخت کوبرقراررکھاجائے ۔انہوں نے کہاکہ ٹرسٹ کی طرف سے گوجربکروال سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن سے 12 ہزارروپے کی مانگ کرناباعث افسوس بات ہے۔ایسوسی ایشن کے سرپرست طالب حسین نے کہاکہ کچھ لوگ طبقہ کے نوجوانوں میں علاقہ کی بنیادپرتفریق ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے تمام شرکاء سے اپیل کی کہ وہ طبقہ کوعلاقہ کی بنیادپرتقسیم ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے گوجربکروال سٹوڈنٹس ویلفیئرایسوسی ایشن ٹیم کی کاوشوں کوسراہا۔پروگرام کے دوران ارمان یوسف، انیسہ چوہدری ،آصف محمود، بشیرمستانہ ودیگرافرادنے اپنی سریلی آوازمیں گوجری لوک گیت، بیت ،شاعری وغیرہ میں اپنے ہنرکامظاہرہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ گوجربکروال طبقہ کودرپیش چیلنجز پرمبنی ڈرامابھی پیش کیاگیاجس کی ناظرین نے بڑے پیمانے پرستائش کی۔ قبل ازیں جی بی ایس ڈبلیواے کی ترجمان نازمہ شمشیر نے پروگرام کے انعقادکے مقصد اوراس میں آنے والی پریشانیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔اس دوران پروگرام میں جاویدچوہدری (کے اے ایس )، پروفیسر غلام محمد، پروفیسر اقبال بٹ کے علاوہ منتظمین خوشحال احمد، سلیم چوہدری ، غلام احمد ،حق نواز ،اقبال گورسی، روزینہ اختروغیرہ بھی موجودتھے۔