کنگن // گنہ ون سمبل میں محکمہ آر اینڈ بی کی طرف سے ایک ماہ قبل تعمیر کیا گیا باندھ معمولی بارشوں کی وجہ سے ڈھ گیا جس پر لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی کے انجینئروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گنہ ون سمبل کی اندرونی سڑک پر محکمہ آر اینڈ بی نے سمبل بالا کے مقام پر ایک ماہ قبل باندھ تعمیر کرنا شروع کیا تھا اور گذشتہ روز ہلکی بارشوں کی وجہ سے وہ ڈھ گیا ۔ادھرسید بستی سرفرائو کے رہنے والے لوگوں نے بتایا کہ سڑک کے کنارے پر محکمہ آر اینڈ بی نے جو باندھ ایک ماہ قبل تعمیر کیا ، اس کے گرنے کا خطرہ لاحق ہے۔ مقامی لوگوں نے وزیر تعمیرات نعیم اختر سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت برتنے والے انجینئروں کے خلاف کاروائی کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔اس ضمن میں اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ ڈویژن کنگن شیخ جاوید احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے اطلاع ملتے ہی انجینئر اور دیگر عملے کو متعلقہ جگہ روانہ کیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سید بستی سرفرائو اور سمبل بالا میں آٹھ لاکھ روپئے کی لاگت سے باندھ تعمیر کئے گئے تاہم بارشوں کی وجہ سے سمبل بالا کے مقام پر باندھ منہدم ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس باندھ کی مرمت کرنے کے لئے متعلقہ ٹھیکیدار کو ہدایت دی گئی ہے ۔