گنڈ بل سانحہ|| دوسرے روز بھی باپ بیٹے سمیت 3افراد کی تلاش جاری مہلوکین کے لواحقین کو فی کس 5لاکھ اور زخمیوں کو 50ہزار روپے کا ریلیف

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//گنڈ بل بٹوارہ میں بدھ کے روز جہلم کے پانیوں میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد کی تلاش دوسرے روز بھی جاری رہی۔یہ تین لوگ منگل کو کشتی الٹنے کے سانحہ میں لاپتہ ہو گئے ہیں، جس میں 6 افراد کی موت ہو گئی اور 10کو بچا لیا گیا۔بدھ کوسرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کی ٹیمیں آپریشن میں مصروف رہیں۔حکام نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ کے میرین کمانڈوز (مار کوس)کو بھی خدمات میں شامل کیا گیا ہے۔ایس ڈی آر ایف کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مظفر احمد نے کہا” صبح 6 بجے مشترکہ کومبنگ آپریشن دوبارہ شروع ہوا۔ ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف اور ندی پولیس کی ٹیمیں موجود ہیں، ہم تین لاپتہ افراد کی لاشیں نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، آپریشن جاری رہے گا، “۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کو اس جگہ سے 4 کلومیٹر تک بڑھا دیا گیا ہے جہاں کشتی الٹ گئی تھی۔

 

ادھر بٹوارہ کے گنڈبل میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر وجے کمار بدھوری اور ضلع ترقیاتی کمشنر بلال محی الدین بٹ اور ایڈیشنل ڈی سی سید احمد کٹاریہ نے انہیں انتظامیہ کی طرف سے مہلوکین کے اہل خانہ اور ان لوگوں کو مالی امداد فراہم کی، جو زخمی ہوئے ہیں۔منگل کو ہونے والے اس افسوسناک واقعے میں دو کمسن طالب علموں سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ تین کو بچا لیا گیا۔ تین ابھی تک لاپتہ ہیں۔ انتظامیہ نے ہر مرنے والے شخص کے قریبی رشتہ داروں کو 5 لاکھ روپے کی رقم دی ہے۔مزید برآں، واقعے میں زخمی ہونے والوں کو 50,000 روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ادھرانسپکٹر جنرل پولیس کشمیر وی کے بردی نے بدھ کے روز کہا کہ دریائے جہلم سے تین لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے دریائے جہلم کے کنارے تمام تھانوں کو لاشوں پر نظر رکھنے کے لیے الرٹ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن رات کو جاری رہا اور صبح دوبارہ شروع ہوا، ہمیں ابھی تک لاشیں نہیں ملی ہیں۔بردی نے کہا کہ خصوصی غوطہ خور، لاپتہ افراد کوان مقامات پر تلاش کر رہے ہیں، جہاں لاپتہ افراد کے ہونے کا زیادہ امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا”ان خصوصی غوطہ خوروں کی پانی کے دھاروں کی اپنی سمجھ ہے اور وہ اس جگہ تلاش کر رہے ہیں جہاں زیادہ امکان ہے، وہ لاشوں کی تلاش کر رہے ہیں، ہم نے لاشوں کی تلاش کے لیے جہلم کے ساتھ تمام تھانوں کو الرٹ کر دیا ہے‘‘۔