گندو//بھلیسہ کی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے گندو میں پیش آئی آگ کی ہولناک واردت میں کروڑوں روپے کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے متاثرین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈراور سابق ریاستی وزیر محمد شریف نیاز،رکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی، ایم ایل سی نریش گپتا،سابق ایم ایل سی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدرِ ضلع محمد اقبال بٹ اور کانگریس لیڈر غلام مصطفی بٹ نے پریس کے نام جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ وہ متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک اور اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ صرف متاثرین کا ہی نہیں بلکہ بھلیسہ کے تمام لوگوں کا نقصان ہے جس سے نکلنے کے لئے ایک عرصہ درکار ہو گا۔اُنہوں نے حکومت اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فائر سروس اسٹیشن قائم کرنے کے لوگوں کے مطالبے پر کان دھرا گیا ہوتا اور حکومت اور انتظامیہ نے ہٹ دھرمی سے کام نہ لیا ہوتا تو یہ دن دیکھنے کو نہیں ملتا۔اُنہوں نے کہا ہے کہ بھلیسہ کے لوگ گذشتہ چند سالوں سے نہ صرف باربار فائر سروس اسٹیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے رہے ہیں بلکہ اس کے لئے متعدد بار زبردست احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے ہیں ،مگر حکومت اور انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی جس وجہ سے آج یہ سب کچھ دیکھنا پڑا ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ اگر فائر سروس اسٹیشن یہاں موجود ہوتا تو اتنے بھاری پیمانے پر نقصان نہ ہوتا ،مگر بدقسمتی یہ ہے کہ موجودہ حکومت کو لوگوں کے مسائل اور اُن کے مطالبات کو پورا کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اس سے قبل گواڑی اور ملک پورہ میں بھی بھیانک آگ کی وارداتیں پیش آ چکی ہیں جن میں کروڑوں روپے کا نقصان متاثرین کو اُٹھانا پڑا اور متعدد بار اُنہوں نے فائر سروس اسٹیشن کے قیام کے مطالبے کو لے کر زبردست احتجاجی مظاہرے بھی کئے،مگر حکومتی اہلکاران اور انتظامیہ نے زبانی یقین دہانیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیا۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو ڈزاسٹر مینجمنٹ یا کسی اور مد سے اُن کو ہوئے نقصان کا پورا پورا معاوضہ دیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے اپنے مکانات اور دُکانوں کی از سرِ نو تعمیر کر سکیں اور اپنے اپنے کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔اُنہوں نے علاقہ میں فوری طور فائر سروس اسٹیشن قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ایجوکیشنل، انوائرمنٹل،سوشیل،اسپورٹس اور کلچرل سوسائٹی بھلیسہ کے چیئرمین محمد ایوب زرگر،جنرل سیکریٹری محبوب اقبال بٹ،راحت ویلفیئر سوسائٹی بھلیسہ کے چیئرمین غلام نبی وانی اور عمر ایجوکیشنل انڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین اشتیاق ملک نے بھی آگ متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو فوری طور مناسب امداد فراہم کی جانی چاہیے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔بیوپار منڈل بھلیسہ کی اخیار پور،بٹیاس،گواڑی،گندو،کاہراہ،چلی اور ملک پورہ اکائیوں نے بھی حکومت سے متاثرین کو نقصان کا پورا معاوضہ فراہم کرنے کا پر زورمطالبہ کیا ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ فائر بھلیسہ میں فائر سروس کی عدمِ موجودگی کی وجہ سے یہاں کے دُکانداروں اور مکان مالکان اپنے اپنے دُکانوں اور مکانوں کا انشورنس بھی نہیں کرا سکتے ہیں کیوں کہ انشورنس کمپنیاں دُکانوں اور مکانوں کے بیمے کے لئے فائر سروس کا ہونا لازمی قرار دیتی ہیں،لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ گندو،گواڑی اور ملک پورہ کے آگ متاثرین کو اُن کے نقصان کا پورا پورا معاوضہ فراہم کرے بصورتِ دیگر بھلیسہ کے تمام دُکان دار احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔
ایم ایل اے بھدرواہ کاایک ایک لاکھ دینے کا اعلان
عابد ندیم
گندو//ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار نے ہفتہ کے روز بس اسٹینڈ گندو کا دورہ کر کے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آئی آگ کی بھیانک واردات سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے دُکان اور مکان مالکان کو اپنی سی ڈی ایف میں سے ایک ایک لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا نیز اُنہیں اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کی یہ کوشش رہے گی کہ وہ حکومت سے متاثرین کو بھر پور امداد فراہم کرائیں تاکہ وہ اپنے اپنے مکانات اور دُکانوں کی ددوبارہ تعمیر کروا سکیں اور اپنے اپنے کاروبار از سرِ نو شروع کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی کوشش بھی کریں گے کہ جن متاثرہ دُکانداروں نے بنک سے قرضہ لے رکھا ہے وہ پورا کا پورا معاف کروایا جا سکے اور اگر ایسا ممکن نہیں ہوا تو کم سے کم سود کی رقم ضرور معاف کروائی جائے گی۔انہوں نے محکمہ رینج آفیسر گندو کو ہدایت کی کہ وہ مکانات کی دوبارہ تعمیر کیلئے متاثرین کے حق میں ضرورت کے مطابق مفت عمارتی لکڑی کی منظوری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک پور آگ واردات کے بعد علاقہ کے لئے ایک فائر سروس اسٹیشن کو منظوری دی گئی تھی ،مگر ضمنی پارلیمانی انتخابات کی وجہ سے گاڑیوں کی فراہمی تاخیر کا شکار ہوئی جو بہت جلد فراہم ہوں گی جب تک کے لئے ٹھاٹھری کی ایک گاڑی کو گندو میں موجود رکھا جائے گا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد نقصان کا تخمینہ بنا کر پیش کریں تاکہ متاثرین کو مناسب امداد فراہم کروائی جا سکے۔