اشتیاق ملک+ایم ایم پرویز
ڈوڈہ+رام بن //ڈوڈہ ضلع کے گندوہ علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک 16سالہ نوجوان جاں بحق و ایک زخمی ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ سے تین کلومیٹر کی دوری پر واقع گھل کنان سڑک پر ٹریکٹر زیر نمبری JK06B-0503 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں سولہ سالہ نوجوان موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا اور 1 زخمی ہوا ہے۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور دو افراد کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا جہاں پر مہلک نوجوان کی شناخت عاقب حسین (16)ولد جعفر حسین سکنہ گواس کاہرہ و زخمی جوان کی شناخت ارشاد احمد (22)ولد محمد سلیمان سکنہ سنو کے طور پر ہوئی ہے۔ طبی لوازمات مکمل کرنے کے مہلک نوجوان کی لاش کو وارثوں کے سپرد کیا گیا جبکہ زخمی ہوئے جوان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔ اس سلسلہ میں گندوہ تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبری 61/2024 تحت دفعات 279،337،304اے آئی پی سی درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔اس دوران جمعرات کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر چندر کوٹ کے علاقے پیڈا میں ایک گاڑی (ٹیمپو ٹریولر) الٹنے سے سات افراد زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک تیز رفتار ٹیمپو ٹریولر جس کا رجسٹریشن نمبر JK14B-1370 ہے جموں سے سری نگر جا رہا تھا تاہم ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا اور قومی شاہراہ 44 پر پیڈاہ کے مقام پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہو گئے۔انہیں علاج کے لیے ضلع ہسپتال رام بن لے جایا گیا۔پولیس نے زخمیوں کی شناخت راجندر سنگھ (60) ولد ہرپال سنگھ، نریندر کور (52) بیوی راجندر سنگھ ساکن خانجی باغ بارہمولہ، سلیکھا (20) دخترمحمد جعفر لون ساکن کپواڑہ، انشاء ،طاہر خان سکنہ بارہمولہ کی دختر جنید نذیر (33) ولد نذیر احمد ساکن شوپیاں اور سمیرا (32) بیوی جنید خان سکنہ بارہمولہ اور ڈرائیور بلال احمد ولد بشیر احمد ساکنہ لار، تحصیل مہور، ریاسی وغیرہ شامل تھے ۔بعد ازاں ضلع ہسپتال میں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ایک شدید زخمی جوڑے کی شناخت راجندر سنگھ (60) اور اس کی بیوی نریندر کور (52) کو خصوصی علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال جموں ریفر کر دیا گیا۔ایس ایچ او تھانہ چندر کوٹ، جے ایس رکوال نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ اس تھانہ چندر کوٹ میں سیکشن 279، 337 آئی پی سی کے تحت ایف آئی آر نمبر 84 2024 درج ہے۔