گمری زوجیلا میں برفانی تودا گرا

غلام نبی رینہ
کنگن//گمری زوجیلا کے مقام پر برفانی تودے کی زد میں آکر ایک ٹاٹا موبائل ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا۔منگل کی شام تقریباً 5 بجے کرگل سے سرینگر کی طرف آرہا ایک ٹاٹا موبائل زیر نمبر JK01AQ/5635  جب گومری کے مقام پر پہنچ گیا تو اس دوران اچانک برفانی تودہ گرآیا جس کی زد میں آکر ٹاٹا موبائل اس کے نیچے دب گیا۔منی مرگ پولیس پوسٹ اور پروجیکٹ ویجیک کی ٹیم وہاں پہنچ گئی اور بچاؤ کارروائی شروع کی جنہوں نے کافی مشقت کے بعد گاڑی کو برفانی تودہ سے نکال کر 42سالہ ڈرائیور سجاد احمد بنگرو ولد مرحوم غلام حسن بنگرو ساکن فردوس آباد بٹہ مالو سرینگر کو زخمی حالت میں نزدیکی فوجی ہسپتال پہنچایا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڈ بیٹھا۔ پولیس نے قانونی لوازمات کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ۔ ادھر زوجیلا ٹنل میں کام کررہے ایک غیر ریاستی مزدور کی اچانک موت واقع ہوئی ۔ 24 برس کا ببلو کمار ولد سورج کمار مہتو ساکن بہار اچانک بہوش ہوکر گر پڑا ۔اگرچہ مذکورہ نوجوان کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراد دیا۔