عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے گلیشئر لیک آئوٹ برسٹ فلڈ(جی ایل او ایف) کی روکتھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے بلائے گئے تمام متعلقہ اداروں کی میٹنگ میں کہا کہ ماہر گلیشیالوجسٹ کے ذریعہ بامعنی سٹیڈی کی جانی چاہئے تاکہ جموںوکشمیر میں اس طرح کی آفات سے بچنے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جاسکیں۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری آر اینڈ بی، سیکرٹری ڈی ایم آر آر اینڈ آر، ڈائریکٹر ریموٹ سنسنگ، ڈی جی کوڈز، کشمیر اور جموں یونیورسٹی، آئی یو ایس ٹی اور سی۔ڈی اے سی، پونے کے ماہرین اَرضیات،جی ایس آئی، این ڈی ایم اے، ایس ڈی آر ایف کے علاوہ دیگرمتعلقین نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ماہرین کی ایک ٹیم کو تشکیل دیں جس میں گلیشیالوجسٹ اور دیگرمتعلقین شامل ہوں تاکہ ایسی جھیلوں کی مہم چلائی جا سکے۔ انہوں نے ایسی سٹیڈیز کرنے پر زور دیا جو مستقبل کے لائحہ عمل کوترتیب دینے کے لئے مفید ہوں۔اتل ڈلو نے کہا کہ پیشہ ور اَفراد کو سنجیدگی کے ساتھ اِس طرح کی مہمات کو آگے بڑھانا چاہیے تب ہی سفارشات زمینی حقیقت پر مبنی ہوں گی۔ انہوں نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اس طرح کی مہمات کا اِنتظام کرے اور دیگر ماہرین کی تجویزکو بھی مدنظر رکھے۔چیف سیکرٹری نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اَتھارٹی (این ڈِی ایم اے) کو فنڈنگ کیلئے پیش کئے گئے منصوبے اورسی ڈِی اے سی کی جانب سے کئے جانے والے کاموں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سی ڈِی اے سی کے اعداد و شمار اور تجزیے پر عملی سفارشات پر عمل کیا جانا چاہئے جو جموں و کشمیر میںایسی کسی بھی آفت سے بچنے کے لئے مفید ہیں۔سیکرٹری ڈی ایم آر آر اینڈ آر نے اَپنی پرزنٹیشن میں محکمہ کی جانب سے اَب تک کئے گئے اَقدامات کے بارے معلومات فراہم کی۔انہوں نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ محکمہ سی ڈِی اے سی پونے کے ساتھ مختلف سٹیڈیز اور اَرلی وارننگ سسٹم، آٹو ویدر سٹیشنز، ڈیٹا کلیکشن اور دیگر سرگرمیوں کی تنصیب کے لئے مفاہمت نامے پر دستخط کرنے جا رہا ہے۔یہ بھی اِنکشاف کیا گیا کہ اعداد و شمار جمع کرنے اور تجزیہ کرنے کے بعد اس کی ماڈلنگ اور سمولیشن کی جاتی ہے جس کے لئے این ڈِی ایم اے کو 30 کروڑ روپے کا تفصیلی منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ پروجیکٹ اس منصوبے کے مقاصد کے مطابق مکمل ہونے کے بعد جی ایل او ایف کے خلاف ایک جامع تخفیف کا منصوبہ دے گا۔