حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی گاؤں گلپور میں وارڈ نمبر 7 محلہ پونی دھڑھ میں نہر ٹوٹ جانے کی وجہ سے لوگ کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔مقام شہر ی جن میں ذاکر حسین شاہ اور سرفراز حسین شاہ شامل ہیں ،نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہر میں جب پانی کی ضرورت ہوتی ہے تو اس وقت نہر میں پانی نہیں چھوڑاجاتاتاہم آج کل جب زمینوں میں پانی کی ضرورت نہیں ہے تو نہر میں پانی میں آنے والا پانی ان کے لئے وبال جان بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے نہر کی مرمتی نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے اس نہر میں آنے والا پانی اب ان کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے اور اس سے ان کا بڑا نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی بار مقام شہریوں کی جانب سے اس سلسلہ میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے بھی کیے گئے لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ضلع ترقیاتی کمشنر جب سے یہاں تعینات ہوئے ہیں لوگوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور انہیں بھی امید ہے کہ وہ گلپور کے لوگوں کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے اس نہر کی جلد سے جلد مرمت کروائیں گے۔