ٹنگمرگ//گلمرگ گنڈولہ کیبل کار کے پہلے مرحلے میں پیدا ہوئی تیکنیکی خامیوں کو دور کرنے میں ہورہی تاخیر سے گلمرگ آنے والے سیاحوں کی تعداد میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے سیاحت سے جڑے لوگ مایوسی کاشکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق رواں برس 16مئی کو گلمرگ گنڈولہ کے پہلے مرحلے میں کوئی تیکنیکی خرابی پیدا ہوئی اور اس خامی کودور کرنے کیلئے حکام نے گنڈولہ کیبل کار کے پہلے مرحلے کو بند کردیا۔اگرچہ گنڈولہ کا دوسرا مرحلہ مرحلہ بدستور چالو ہے لیکن کونگ دوری تک پہنچنے کیلئے سیلانیوں کو دوکلومیٹر کاسفرپیدل یا گھوڑوں پر سوار ہوکر طے کرنا پڑتا ہے اور اس کے بعد ہی وہ گنڈولہ کی سواری سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔اس نمائندے کو گلمرگ میں سیاحتی صنعت سے جڑے متعدد لوگوں نے بتایاکہ گلمرگ گنڈولہ کے پہلے مرحلے کے بند ہونے کے ساتھ ہی سیاحوں نے یہاں کی بکنگ منسوخ کردی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت کم تعداد میں سیاح گلمرگ آرہے ہیںاور اس طرح گلمرگ میں سیاحتی صنعت سے وابستہ افراد کا اس سیزن کے دوران بیروزگارہوگئے۔بتایا جاتا ہے کہ کیبل کار کارپوریشن نے بیرون ممالک سے بھی گنڈولہ کے پہلے مرحلے میں پیداتیکنیکی خرابیوں کی مرمت کرنے کیلئے ضروری سامان منگوایا تاہم مرمت میں ہورہی تاخیر سے گنڈولہ کا پہلا مرحلہ بدستور بند ہے۔گلمرگ گنڈولہ کے منیجرسہیل احمدوانی نے بتا یاکہ گنڈولہ کے پہلے مرحلے میں مرمت کاکام قریب قریب مکمل ہوچکا ہے اور عنقریب اسے دوبارہ سیاحوں کیلئے چالو کیا جائے گا۔