عاصف بٹ
کشتواڑ //غیر قانونی کانکنی کے خلاف کریک ڈاؤن لگاتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو کی ہدایت پر ضلع ماینگ افسر کشتواڑ ابھے کمار کی قیادت میں محکمہ ارضیات و کان کنی کی ایک ٹیم نے جمعرات کو گلاب گڑھ پاڈ کے چندر بھاگا ندی کے کنارے کے قریب گوسی علاقے میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث ایک ایل این ٹی مشین کو ضبط کیا۔کارروائی محکمہ ارضیات اور کان کنی کی ایک ٹیم نے دیگر نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کی۔ضبطی کی کارروائی منرل ایکٹ میں بیان کردہ قوانین کے مطابق کی گئی۔ غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے حکام نے قانون کی پاسداری اور خطے میں قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے اپنی غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی ایم کشتواڑ نے تمام فریقوں کو غیر قانونی طور کانکنی کے خلاف خبردار کیا ہے اور کان کنی ایکٹ کے تحت ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔