تحقیقاتی کمیٹیوں کی سفارشات کاغذوں تک ہی محدود رہیں، سیول سوسائٹی فکر مند
اشتیاق
ڈوڈہ //گذشتہ سال وادی چناب میں پہلے برسوں کے مقابلے سڑک حادثات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں 602 سڑک حادثات میں145 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 831 افراد زخمی ہوئے ہیں جس میں سب سے زیادہ اموات ڈوڈہ ضلع میں ہوئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈوڈہ ضلع میں 212 سڑک حادثات میں 76 لوگوں کی موت و 369 افراد زخمی ہوئے ہیں وہیں ضلع کشتواڑ میں پیش آئے 113 سڑک حادثات میں 38 اموات ہوئیں ہیں اور 140 لوگ زخمی ہوئے ہیں ادھر رام بن ضلع میں 277 سڑک حادثات میں 31 لوگوں کی و 322 افراد زخمی ہوئے ہیں اور اس طرح سال 2023 میں وادی چناب کے تین اضلاع میں 602 سڑک حادثات میں 145 اموات و 831 افراد زخمی ہوئے ہیں اور اس میں زیادہ اموات ڈوڈہ ضلع میں پیش آئیں ہیں۔واضح رہے کہ خطہ چناب میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کے پیش نظر سابق حکومتوں و موجودہ سرکار نے کئی تحقیقاتی کمیٹیاں تشکیل دیں اور سال 2023 میں ہی عدالت عالیہ نے بھی سرکار کو سڑک حادثات کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے و ان سے رپورٹ طلب کی تھی لیکن ان کمیٹیوں کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات پر آج تک عمل درآمد نہیں ہوا جس پر سیول سوسائٹی نے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔