سرینگر//کشمیرایڈیٹرس گلڈ نے وادی کے دوسرکردہ اخبارات ’گریٹر کشمیر‘اور ’کشمیرریڈر‘کے سرکاری اشتہارات روک دینے کی شکایت کا نوٹس لینے کیلئے پریس کونسل آف انڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک بیان میں گلڈ نے کہا کہ پریس کونسل آف انڈیا کا یہ قدم خوش آئند ہے کیونکہ ایسے اقدامات کا مقصد پریس کی آزادی کی بیخ کنی کیلئے معلومات کی روانی کو روکنا اورآزادی صحافت کو دبانے کے مترادف ہے ۔ اس کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے اداروں کو مشکل میں ڈالنا ہے۔ ’گریٹر کشمیر‘اور’کشمیرریڈر‘کے اشتہارات روک دینے کے خلاف 10مارچ کو وادی کے بیشتر اخبارات کی طرف سے احتجاج کے طور پہلے صفحے کورے شائع کئے جانے کے بعدپریس کونسل آف انڈیا نے جموں کشمیرحکومت اور ریاستی محکمہ اطلاعات کو ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میںاُن سے جواب طلب کیا گیا۔کشمیرایڈیٹر س گلڈ حکام سے یہ درخواست کرتاآیا ہے کہ کم سے کم ان اداروں کو بغیر کسی اطلاع کے اشہارات روک دینے کی وجہ بتائی جائے تاہم ابھی تک حکومت نے اس معاملے پر کوئی لب کشائی نہیں کی ہے۔