ڈوڈہ//گرین ماڈل ہائر اسکنڈری ڈوڈہ نے اسپورٹس اسٹیڈیم میں’’سراج2017ــ‘‘کے نام سے اپناسالانہ یوم والدین منایا۔اس موقع پر ریاستی وزیر مملکت سنیل کمار شرما بطور مہمان خصوصی موجود تھے جب کی ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوپندر کمار، ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر، اے ڈی سی ڈوڈہ محمد حنیف، سی ای او ڈوڈہ محمد اشرف راتھر، پرنسپل گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول بوائز ڈوڈہ تنویر احمد وانی اور میزبان اسکول کے پرنسپل اوم پرکاش چنڈیل کے علاوہ ضلع و تحصیل انتظامیہ اور پولیس کے متعدد آفیسران کے علاوہ ہزاروں طلباء وطالبات اور عام لوگ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اسکول کے طلباء و طالبات نے اپنا رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی سنیل شرما نے کہا کہ گرین ماڈل اسکول ڈوڈہ کے پروگرام میں انہیں پہلی بار شرکت کرنے کا موقع ملا ہے اور جو کچھ یہاں انہوں نے دیکھا ہے اُس سے وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چنا ب خطہ میں ڈوڈہ کو ایک امتیازی مقام حاصل ہے اور پورے خطہ کے لوگوں کو اس قصبہ سے ایک خاص لگائو ہے۔یہاں کے طلباء و طالبات تعلیم ہو یاکھیل کود ہر میدان میں آگے نظر آتے ہیں۔امتحانی نتائج میں یہاں کے طلباء و طالبات کا مقام سرِ فہرست ہوتا ہے اور کھیل کود کے میدانوں میں بھی یہاں کے بچے دوسروں سے سبقت لیتے دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ قصبہ امن سکون والا قصبہ ہے اور یہاں کا بھائی چارہ ہمیشہ سے مثالی رہا ہے۔یہاں لوگ اخلاقی لحاظ سے بھی خطہ کے دوسرے لوگوں کے لئے ایک مثال کی حیثیت رکھتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کی یہ خواہش ہے کہ ڈوڈہ جیسا ماحول نہ صرف چناب خطہ بلکہ پوری ریاست میں قائم ہو اور یہاں کے آپسی بھائی چارہ اور محبت کا پیغام دوردور تک پھیلے۔اُنہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے اخلاقی تعلیم سے بھی مالا مال ہوں اور وہ اعلیٰ مناصب حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین انسان بھی بنیں۔ دوسروں کی خدمت کا جذبہ اُن میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہو اور وہ اپنے بوڑھے والدین ایک بوجھ سمجھنے کی بجائے اُن پر جان نچھاور کرنے والے ہوں کہ یہی تعلیم کا حقیقی مقصد ہے۔اُنہوں نے اسکول انتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کی یقین ہانی بھی کرائی۔اس موقع پر اُنہوں نے ڈوڈہ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں ضروری تعمیرات اور سہولیات کی فراہمی کے لئے20روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا اور اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی کہ یہ تعمیر بہت جلد مکمل کی جائے گی۔اس سے قبل اسکول کے پرنسپل اوم پرکاش چنڈیل نے اسکول کے پسِ منظر بیان کیا،اس کی حصولیابیوں پر روشنی ڈالی اور اس کی سرگرمیوں اور طریقۂ کار کی وضاحت کی۔اُنہوں نے کہا کہ اسکول نہ صرف اکیڈمک لحاظ سے چناب خطہ میں ایک انفرادی مقام رکھتا ہے بلکہ کھیل کود اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی اس اسکول کے طلباء و طالبات قومی،ریاستی اور ضلعی سطح پر اپنا لوہا منواتے رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اسکول کی کامیابی کے پیچھے اسکول میں تعینات عملہ اور طلباء و طالبات کی محنت اور اہلیانِ ڈوڈہ کا بھر پور تعاون کارفرما ہے۔اُنہوں نے تمام مہمانوں اور شرکائے پروگرام کا شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر اسکول کے سالانہ یومِ والدین میں شرکت کر اسکول انتظامیہ، عملہ اور طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔