عازم جان
بانڈی پورہ //بانڈی پورہ ضلع کے دور افتادہ سرحدی تحصیل ژیرون گریز میں ٹھٹھرتی سردی کے دوران کوئی بیماری پھوٹ پڑنے کی وجہ سے لوگ ذہنی کوفت کا شکارہوچکے ہیں۔مقامی لوگوں نے بلاک میڈیکل آفیسر گریزکو سنیچر کی شام اطلاع دی کہ شاہ پورہ ژیرون میں سانس کی نالی میں انفیکشن جیسی علامات ظاہر ہونے سے سخت تکلیف کا سامنا ہے ۔بی ایم اوگریز نے فوری طور ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی ایک ٹیم کو روانہ کرکے صورتحال کا جائزہ لینے اور طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔مذکورہ ٹیم نے برف سے ڈھکے اس گائوں میں مریضوں کا معائنہ کیا اور ادویات فراہم کیں۔میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹر منظور،ڈاکٹر ابو بکر، حامد رسول، بشیر احمد ترواور ایمبولینس ڈرائیور وسیم احمد شامل ہیں۔