سرینگر//وادی کشمیر میں ماہ مقد س میں جھلسا دینے والی گرمی کی شدید لہر کے بیچ ارضیاتی ماہرین نے کہا ہے کہ جون کے مہینے میں شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ در اصل کشمیر کے مجموعی موسم اور طویل مدتی اوسط درجہ حرارت کے اعتبار سے ٹھیک ہے اور یہ کشمیر کے موسم کی ایک نمایاں خاصیت ہے جس کے باعث پانی کی مقدار میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں بارشوں کے امکان کو نکارتے ہوئے فی الحال درجہ حرارت میں کوئی کمی نہ آنے کی پیش گوئی کی ہے ۔ کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ ارضیاتی سائنس کے سربراہ پروفیسر شکیل رامشو نے بتایا ’’جون کے مہینے میں شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کے باعث مسلسل کئی روز شدید گرمی پڑنا موسمی اعتبار سے ٹھیک ہے اور یہ موسم کی طویل مدتی پیش گوئی کے اعتبار سے یہاں کے موسم کی ایک نمایاں خاصیت ہے۔ پروفیسر رامشو کا کہنا ہے کہ اگر مسلسل15روز تک سخت گرمی کی لہر قائم رہے تب بھی یہ یہاں کی مجموعی موسمی صورتحال کے اعتبار سے کسی بھی طرح باعث پریشانی نہیں ہے اورملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں ایسی صورتحال کے چلتے خشک سالی کا کوئی امکان نہیں رہتا ہے کیونکہ جون کے مہینے میں یہاں کے پہاڑوںپر جمی برف اور برفانی تودے پگل کر آبیوسائل میں اضافہ کا موجب بنتے ہیں۔جس سے مختلف آبی وسائل میں پانی کی مقدار میں کافی اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے ۔پروفیسر رامشو کا مزید کہنا ہے کہ اگرچہ رواں سال کے ابتداء میں محکمہ موسمیات نے خشک سالی کی پیش گوئی کی تھی تاہم گذشتہ 3ماہ کے دوران وادی میں 45فیصد بارشیں ہوئیں جو معمول کی بارشوں کے اعتبار سے 10فیصد کم یا زیادہ کی اوسط سے ٹھیک ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’خشک موسم کے ایام کے چلتے بارشیں ہونے کا بالکل بھی امکان نظر نہیں آرہا ہے کیونکہ ہوا میں نمی کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ آسمان پر بادلوں کے واضح آثار بھی بالکل ختم ہو گئے ہیں ‘‘۔ تاہم 15دن کے بعد مون سونی ہوائوںکے پیش نظر درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے کے امکانات ہیں جس سے لوگوں کو گرمی کی شدید لہر سے راحت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اگلے 10روز تک موسم میں کوئی خاص تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملی گی اور اس دوران درجہ حرارت 34اور35 ڈگری کے آس پاس ہی رہے گا ۔ریاست کی گرمائی دارلحکومت سرینگر میں سوموارکو درجہ حرارت35ڈگری رہا جو سال رواں کا سب سے گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادھر جموں میں بھی تپتی گرمی کی لہربدستور جاری ہے اور سوموار کودرجہ حرارت 40ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا اور سوموار اب تک کا گرم ترین دن رہا۔