سرینگر// بڑھتی ہوئی گرمی سے راحت پانے کیلئے اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے جھیل ڈل کا رخ کرکے یہاں پانی میں دبکیاں لگائیں ۔ گذشتہ کئی دنوں سے وادی میںشدید گرمی نے لوگوںبے حال کر دیا ہے اور اتوار کو سرینگر کے مغل باغات اور تفریحی پارکوں میں لوگوں کی خاصی تعداد دیکھی گئی ۔شدید گرمی کے ستائے لوگوں نے گرمی سے بچنے کیلئے جہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اتوار کوپہلگام ،گلمرگ اور دیگر سیاحتی مقامات کا رخ کیا وہیں مغل باغات میں بھی کل لوگوں کا خاصا رش دیکھنے کی ملا جبکہ جھیل ڈل میں بھی نوجوانوں اور بچوں کی کافی تعداد دیکھی گئی جو گرمی سے راحت پانے کیلئے ڈل میں ڈبکیاں لگارہے تھے ۔پائین شہر کے امجد وانی نامی نوجوان نے بتایا ’’گذشتہ کئی روز سے کرفیو کی وجہ سے ہم گھر میں محصور رہے اور گرمی کے اس موسم نے حال بے حال کردیا ‘‘۔انہوں نے کہا ’’آج میرے ساتھ کچھ دوست یہاں آئے اور مغل باغات کی سیر کی اور گرمی سے راحت پانے کیلئے جھیل ڈل میں ڈبکیاں لگانے پر مجبور ہوئے ‘‘۔قمرواری کے ارشاد احمد نے بتایا ’’ڈل کے پانیوں میں تیرتے ہوئے بڑا مزہ آیا اور گرمی سے بھی راحت ملی ‘‘۔سونہ وار کے شاکر احمد نامی نوجوان نے بتایا’’شدید گرمی کے دوران بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گرمی سے بچنے کیلئے میں یہاں آنے پر مجبور ہوا اور یہاں راحت پائی ‘‘۔نہرو پارک میں ڈل میں ڈبکیاں لگانے میں مصروف خانیار کے چند نوجوانوں نے بتایا کہ وہ گرمی کے موسم میں یہاں آتے رہتے ہیں اور مغل باغات کی سیر کرنے کے ساتھ ساتھ ڈل میں تیرتے ہیں ۔