سری نگر// آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت 20 دسمبر سے 26 دسمبر 2021 تک منعقد ہونے والے "گڈ گورننس ہفتہ" کی تقریبات کے سلسلے میں عوامی شکایات کو فوری اور موثر طریقے سے نمٹانے اور لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنرسری نگر، محمد اعجاز اسد نے سوموارکو یہاں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں ایک تقریب کا افتتاح کیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ "گڈ گورننس ویک" ہمیں ایک شفاف اور موثر پبلک ڈیلیوری سسٹم بنانے اور گورننس کو مزید بہتر بنانے کے لیے تیزی سے کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے تمام ضلعی دفاتر پر زور دیا کہ وہ ضلع کے کم از کم ایک ماڈل گڈ گورننس پریکٹس اور عوامی شکایات کا کامیابی سے ازالہ کرنے والے ایک کیس کو دستاویز کریں اور دوسروں کی ترغیب کے لیے پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔انہوں نے تمام ضلعی افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات پر توجہ دے کر دوسرے لوگوں کے لیے مثالیں قائم کریں کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے۔چیف پلاننگ آفیسر سری نگر نے خطاب کیا اور گڈ گورننس کی پہل کے تحت وضع کردہ وسیع رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔قبل ازیں چیف ایجوکیشن آفیسر سری نگر نے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔پروگرام کے دوران فنکاروں اور طلباء کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ تقریب میں چیف پلاننگ آفیسر سری نگر محمد یاسین لون، چیف ایجوکیشن آفیسر منظور احمد، ایس پی ٹریفک طارق احمد اور چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جمیل کے علاوہ زونل ایجوکیشن آفیسروں، شہر کے مختلف سکولوں کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔