عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل جے اینڈ کے قانون ساز اسمبلی کو آگاہ کیا کہ ان کی حکومت نے سال کے آخر تک دونوں زمروںگزٹڈ اور نان گزٹڈ 7253 آسامیاں کو پُر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گذشتہ دو برسوں میں ان زمروں میں 11526 انتخاب کئے گئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ ، جن کے پاس جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ( جی اے ڈی ) کا چارج بھی ہے ، نے واضح کیا کہ اس سال بھرتی کیلئے 1502 گزٹڈ خالی آسامیاں اور 5751 نان گزٹڈ خالی آسامیوں کو پُر کرنے کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ قانون ساز اسمبلی میں ایم ایل اے ستیش کمار شرما کے ذریعہ اٹھائے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس بات پر زور دیا کہ جے اینڈ کے پبلک سروس کمیشن اور جے کے ایس ایس بی کو بروقت بھرتی کیلئے فعال ، ہدف پر مبنی نقطہ نظر اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 150 جونئیر انجینئر ( سول ) پوسٹوں کو جے کے ایس ایس بی کے پاس پُر کرنے کیلئے بھیج دیا گیا ہے ۔ ایک بار جب انجینئرنگ گذٹڈ اور ماتحت خدمات کیلئے کیڈر شیڈول کو حتمی شکل دے دی جائے تو بقیہ انجینئرنگ کی آسامیوں کا حوالہ بھی دیا جائے گا ۔ اعلیٰ تعلیم میں 150 گزٹڈ خالی آسامیاں ( اسسٹنٹ پروفیسرز /لائیبریرین /پی ٹی آئی ) ریفرل کیلئے عمل میں ہیں ۔ بھرتی عم کیلئے ریفر کی گئی 840 خالی آسامیوں میں سے 476 پُر ہو چکی ہیں اور 364 انتخاب کے آخری مراحل میں ہیں ۔ ریفرل سے قبل اعلیٰ تعلیم کی نان گزٹڈ 116خالی آسامیوں کومحکمہ خزانہ کے پاس ارسال کیا گیا ہے ۔ صحت اور طبی تعلیم میں 56 گزٹیٹ اور 660 نان گزٹیڈ خالی آسامیوں کو انتخاب کیلئے بھیجا گیا ہے ۔ محکمہ تعلیم میں 27 مضامین میں 597 لیکچرر پوسٹوں کو نومبر 2024 اور جنوری 2025 کے درمیان جے کے پی ایس سی کے پاس بھیج دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام انتظامی محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے خالی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے بھرتی ایجنسیوں کو ریفر کیا جائے ۔ ڈیلی ویجرز کو باقاعدہ بنانے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اعلان کیا ہے جس کی سربراہی چیف سیکرٹری کر رہے ہیں ۔ جو کہ کیجول ، سیزنل اور دیگر ورکروں ( سی ایس ایل ڈبلیوز) کی باقاعدگی کیلئے تمام قانونی اور مالیاتی امور کی جانچ پڑتال کرے گی ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کمیٹی باقاعدگی کیلئے ایک جامع پالیسی کی تجویز کرے گی ۔