سرینگر/جموں کے گجر نگر علاقے میں جمعہ کو حکام نے کرفیو نافذ کردیا۔ یہ اقدام علاقے میں پُر تشدد مظاہروں کے بعد اٹھایا گیا۔مظاہرین گذشتہ روز جنوبی کشمیر کے لیتہ پورہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے فورسز پر ہلاکت خیز حملے کیخلاف مظاہرے کررہے تھے جس کے نتیجے میں کم سے کم 49فورسز اہلکار ہلاک ہوگئے۔
اطلاعات اور شاہدین کے مطابق گجر نگر علاقے میں ایک بھاری بھیڑ نے درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔
یہ تشدد جموں بند کے دوران بھڑک اُٹھا جس کی اپیل جموں تاجر برادری نے کر رکھی تھی اور جس کی حمایت جموں کے وکلاء اور نیشنل کانفرنس نے بھی کی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار ، بھارت کا ترنگا اُٹھائے مظاہرین نے گاڑیوں اور رہائشی مکانوں پر سنگباری کی اور پریم نگر علاقے میں کچھ گاڑیوں کو نذر آتش بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکام نے علاقے میں کرفیو نافذ کردیا لیکن اس کے باوجود بھیڑ جمع ہوکر تشدد پر اُتر آئی۔
حکام نے کہا کہ امن و قانون بنائے رکھنے کیلئے فورسز اور پولیس کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
حکام نے جموں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر رکھی ہے۔