احمد آباد// کانگریس نومنتخب صدر راہل گاندھی نے کہاکہ گجرات اسمبلی انتخابات میں پارٹی اس مرتبہ متحد ہوکر الیکشن لڑرہی ہے اور انہیں اعتماد ہے کہ اس کی جیت ہوگی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو چند صنعت کاروں کی ترقی تک محدود رہنے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ مسٹر گاندھی نے گجرات اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے آخری دن یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلے مرحلہ کے الیکشن کے بعد بی جے پی گھبرا گئی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی نے تو بدعنوانی جیسے الفاظ ہی بولنا بند کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کسان، مزدور، نوجوانوں اور آنگن باڑی سے وابستہ خدمت گاروں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور بے روزگاری جیسے امور کو اٹھایا تھا لیکن ان میں سے کسی کا بھی بی جے پی یا مسٹر مودی نے جواب نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 22برس کے اقتدار کے دوران بی جے پی نے ریاست کی یکطرفہ ترقی کی ہے اور صرف پانچ دس صنعت کاروں کو ہی اس کا فائدہ ملا ہے ۔ عام گجراتی کو بی جے پی کے اقتدارمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس گجرات کی متوازن ترقی کرنا چاہتی ہے اور اس نے کسانوں کے قرض معافی، سستی تعلیم ، طبی سہولیات اورچھوٹی و درمیانی درجہ کی صنعتوں کو مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ مسٹر راہل گاندھی نے کہاکہ گجرات میں کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو ریاست کے عوام کی خواہش کے مطابق اور ان کی آواز پر ترقی سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ گجرات کے سنہرے مستقبل کی دعا کرنے کے لئے وہ ریاست کے مندروں میں گئے تھے اور نوجوانوں اور کسانوں کے اچھے مستقبل کی دعا کی ۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کے قرض معافی، فصلوں کی کم از کم سہارا قیمت اور اس پر بونس دینے ، نوجوانوں کی سستی تعلیم اور روزگار اور اچھی طبی سہولیات دستیاب کرانے کا کانگریس کاریکارڈ رہا ہے اور اسے کوئی بھی دیکھ سکتا ہے ۔ کانگریس کی گزشتہ حکومت کے دوران کسانوں کا ایک لاکھ 70ہزار کروڑ روپے کا قرض معاف کیا گیا تھا۔ مسٹر گاندھی نے کہاکہ ہر برس نومبر میں پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ہوتا تھا اس بار اسے ٹالا گیا ہے ۔ واضح ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ پارلیمنٹ میں بی جے پی کے صدر امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے مالیاتی امور اور رافیل طیارہ سودے پر بحث ہو۔مسٹر گاندھی نے کہاکہ کانگریس نے ایک حکمت عملی کے تحت الیکشن لڑا اور الیکشن امور پر جیتا جاتا ہے ۔ امورپر قائم رہنے کی وجہ سے کانگریس الیکشن جیتے گی۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی انتخابی موضوع تیار نہیں کرسکی اور گجرات کے لوگوں کو اس کا کھوکھلا پن سمجھ آگیا ہے ۔ کانگریس لیڈر مسٹر گاندھی نے کہاکہ گجرات کے تمام طبقات کا اس مرتبہ موڈ بدلا ہے ۔ قبائلی، دلت،پاٹیدار اور پسماندہ طبقہ کے لوگوں میں غصہ ہے ۔ وہ اقتدار میں تبدیلی چاہتے ہیں او راس سے بی جے پی گھبرائی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین مہینوں سے وہ گجرات کے کونے کونے کا دورہ کررہے ہیں ۔ اس دوران لوگوں نے انہیں جو محبت اور عزت دی ہے اسے وہ کبھی نہیں بھولیں گے ۔ انہوں نے یہاں کے کھانوں کا بھر پورلطف اٹھایا ہے اور یہاں کے لوگوں کو جب بھی ان کی ضرورت ہوگی وہ یہاں آئیں گے ۔ پریس کانفرنس میں گجرات میں انتخابی امور کے انچارج اشوک گہلوت، ریاستی پارٹی صدر بھرت سنگھ سولنکی، سابق صدر ارجن موڈواڈیا اور پارٹی کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا بھی موجود تھے ۔یو این آئی