گاڑی پارک کرنے پرہاتھا پائی | چاقو زنی میں نوجوان لقمہ اجل ملزم گرفتار

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//سرینگر کے پارمپور ہ علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ میں دکانوںکے سامنے گاڑی پارک کرنے پر دو قریبی رشتہ داروں میں پاتھا پائی کے نتیجے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی ۔ پولیس نے حملہ آورکی گرفتاری عمل میں لاکر اس کیس کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ عامر رزاق میر ولد عبد لرزاق میر ساکنہ پارمپورہ اور ظریف احمد میر ولد عبد الرحیم میر ساکنہ پارمپورہ کے مابین دکانوں کے سامنے گاڑی کھڑا کرنے پر پہلے تو تومیںمیں ہوئی جس کے بعد اس نے جھگڑے کا رخ اختیار کر لیا اورا س دوران ظریف احمد میر نے عامر احمد میر پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کرکے اس کو شدید طو رپر زخمی کر دیا ۔ زخمی ہونے کے بعد عامر احمد میر کو علاج کیلئے ایس ایم ایچ ایس اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ سرینگر پولیس نے ایکس پر لکھا ’’پولیس ایک ایسے واقعے کا نوٹس لے رہی ہے جس میں ایک شخص نامی ظریف احمد میر ولد عبد الرحیم میر ساکنہ پارمپورہ نے عامر رزاق میر ولد عبد الرزاق کو اپنی دکانوں کے قریب گاڑیوں کی پارکنگ پر ہاتھا پائی کے دوران چاقو مارا‘‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ زخمی نوجوان کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا گیا۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 114/2024پولیس اسٹیشن پارمپورہ میں درج کیا گیا ہے جبکہ ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے ۔