عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سرکاری انتظامیہ کی طرف سے ضرورت کے مطابق گاڑیاں پارک کرنے کی جگہ تیار نہ کیے جانے کی وجہ سے راجوری شہر کے لوگ روز مرہ کی زندگی میں پریشان حال ہیں اور اسی کے باعث علاقہ میں جام کی صورتحال بھی مزید بڑھتی جا رہی ہے۔راجوری شہر میں پہلے ہی گاڑیوں کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھا جا رہا تھا لیکن پچھلے کچھ ایک سال کے دوران سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد بڑے پیمانے پر بڑی ہے اور اس کی وجہ راجوری میں میڈیکل کالج کے قائم ہونے کو بھی بتایا جاتا ہے۔
روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ و کالج کا سٹاف راجوری شہر کی سڑکوں سے ہوتے ہوئے میڈیکل کالج کا رُخ کرتا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں وقت کے ساتھ و ضرورت کے مطابق گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہیں تیار نہیں کی گئی جس کی وجہ سے روزانہ عوام دربدر ہوتی ہے۔لوگوں نے بتایا کہ یہاں پچھلے کافی لمبے عرصے سے ایک بھی نئی پارکنگ تیار نہیں کی گئی اور ہر دوسرے شخص کو روزانہ اپنی گاڑی محفوظ جگہ پر کھڑے کرنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قصبہ میں ضرورت کے مطابق پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے کئی بار انہیں جلدی میں اپنی گاڑی سڑک کنارے ہی کھڑی کر کے بازار کا رخ کرنا پڑتا ہے اور واپس لوٹتے وہ اپنی گاڑی کو غائب پاتے ہیں کیونکہ اسے ٹریفک پولیس حکام کی طرف سے ضبط کر لیا جاتا ہے اور پھر کئی ہزار روپے جرمانہ لگ کر ان کی گاڑی دوبارہ ان کے حوالے ہوتی ہے۔عوام نے مطالبہ کیا کہ راجوری قصبہ میں کم از کم پانچ نے پارکنگ سلاٹ تیار کیے جائیں تاکہ دو سو سے تین سو گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہ دستیاب رہے اور لوگوں کو روزانہ دربدر کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑے۔