راجا ارشاد احمد
گاندربل// گاڑورہ گاندربل میںمحکمہ بجلی کی طرف سے سمارٹ میٹر نصب کرنے کیخلاف مقامی خواتین نے زبردست احتجاج اورنعرے بازی کی۔احتجاجی خواتین کاکہنا تھاکہ گاڈورہ میں مزدور طبقہ سے وابستہ افراد رہائش پزید ہیں اوران کاروزگار نہ ہونے کے برابر ہے،جس وجہ سے وہ بجلی کااضافی فیس اداکرنے کی سکت نہیں رکھتے۔خواتین اصرار کررہی تھی کہ گاڈورہ علاقہ میں نہ ہی بجلی کے کھمبے درست حالت میں ہیں اور نہ ہی ٹرانسفارمر موجود ہے ۔اس موقع پر خواتین نے محکمہ بجلی اور موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ غریبوں کو ستانے کے لئے حکومت تمام کوششیں بروئے کار لار ہی ہیں۔مظاہرین میں شامل ایک خاتون نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گاڈورہ علاقہ ضلع گاندربل کے پسماندہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں 90 فیصدی آبادی مزدور پیشہ ہے،جبکہ کچھ خاندان عارضی ڈھانچوں میں قیام پذیر ہیں جن کیلئے سمارٹ میٹر نصب کرنا ظلم کی انتہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت اور محکمہ بجلی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ازارہ انسانیت پہلے دیگر علاقوں میں سمارٹ میٹر نصب کریں اس کے بعد گاڈورہ پر توجہ مرکوز کریں۔