راجا ارشاد احمد
گاندربل //جموں کشمیر پولیس شہداء کی یاد میں ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گاندربل میں شہداء پولیس پریمئر لیگ والی بال ٹورنامنٹ کا گرینڈ فائنل بڑے جوش و خروش اور ولولے کے ساتھ کھیلا گیا۔گاندربل پولیس نے ان تمام شرکاء کی تعریف کی جنہوں نے پولیس فلیگ ڈے کے بینر تلے منعقد کئے گئے مختلف ثقافتی،تعلیمی، اور کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ گاندربل پولیس کی طرف سے ضلع میں گزشتہ دس دنوں سے مختلف کھیلوں اور ثقافتی مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا تاکہ شرکت کرنے والے طلباء میں ملک کے اتحاد اور سالمیت کے جذبے کو پروان چڑھایا جا سکے اور طلباء کو مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔شہدا پولیس پریمیر لیگ والی بال ٹورنامنٹ کا گرینڈ فائنل بوائز ہائر سیکنڈری سکول وتہ لار اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کرہامہ کے درمیان کھیلا گیا۔اگرچہ فائنل مقابلے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے جوش، جذبہ اور جنون کے ساتھ جیت کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا تاہم فائنل مقابلہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کرہامہ نے 2صفرسے جیت لیا۔مقابلے کے اختتام پر فاتح اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے گئے۔