عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں اتوار کو پارہ 34.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا، جو مئی کے مہینے میں وادی کشمیر میں موسم کا گرم ترین دن تھا۔یہ شدید گرمی کی لہر ایک وسیع رجحان کا حصہ ہے جو پورے جموں و کشمیر کے خطہ کو متاثر کررہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، گاندربل میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 34.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد قاضی گنڈ میں 33.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر اضلاع نے بھی غیر معمولی طور پر زیادہ درجہ حرارت درج ہوا، جو کہ ایک وسیع گرمی کی لہر کی نشاندہی کرتا ہے۔پوری وادی اور جموں میں درجہ حرارت بتدریج بڑھ رہا ہے۔ قاضی گنڈ میں درجہ حرارت 33.5 جبکہ سرینگر ، بانڈی پورہ اور شوپیان میں 32.7 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔اننت ناگ اور پلوامہ دونوں اضلاع میں 32.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور بڈگام 31.3 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ بارہمولہ اور کوکرناگ میں بالترتیب 30.9 اور 31.5 پر قدرے کم درجہ حرارت درج کیا گیا۔ دریں اثنا، جموں میں 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درج کیا گیا، جس نے جموں و کشمیر میں ہیٹ ویو کے وسیع اثرات کو اجاگر کیا ہے۔جموں کے کچھ حصوں سمیت پورے خطے میں ہیٹ وویو شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں درجہ حرارت 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی، جو عام طور پر اپنی معتدل آب و ہوا کے لیے جانی جاتی ہے، درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا سامنا کر رہی ہے، جہاں ہیٹ وویو کے کم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے مزید گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے، شہریوں کو خبردار کیا گیاہے کہ وہ مسلسل بلند درجہ حرارت کے لیے تیار رہیں۔ وادی کشمیر بشمول جموں میں شدید گرمی پڑرہی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے 3 دنوں کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔متعلقہ محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ وادی میں 28 مئی تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔ بعد ازاں وادی میں 29 سے 31 مئی تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تاہم اگلے چار دنوں کے دوران جموں صوبہ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر جاری رہ سکتی ہے اور وادی کشمیر اور جموں کے پہاڑی اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہ سکتا ہے۔