راجا ارشاد احمد
گاندربل //محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس گاندربل نے پیر کے روز ضلع بھر میں کھیلوں کی وسیع سرگرمیوں کا کامیابی سے انعقاد کیا تاکہ نوجوانوں میں جسمانی تندرستی اور مسابقتی جذبے کو فروغ دینے کے عزم کو اجاگر کیا جائے۔ محکمہ نے لار میں واقع گوری ون کھیل میدان میں 19 سال سے کم عمر لڑکوں کے لیے انٹر زون ضلعی سطح کے کرکٹ مقابلے منعقد کیے ۔۔انتخاب میں طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔میدان میں موجود سلیکٹرز نے آنے والے صوبائی سطح کے مقابلوں میں ضلع کی نمائندگی کرنے کے لئے بہت سے کھلاڑیوں کی نشاندہی کی۔ کجپارہ کنگن میں 14 سال سے کم عمر لڑکوں کے لئے اور گاندربل میں 17 سال سے کم عمر لڑکیوں کے لئے مقابلے منعقد کئے گئے۔ لڑکیوں کے انڈر 17 زمرے میں زون گاندربل نے فائنل میچ میں زون کنگن پر فتح حاصل کی۔مقابلوں کے اختتام پر فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو محکمے کے اعلیٰ حکام نے ٹرافیاں تقسیم کیں۔ضلع بھر میں مختلف انٹر اسکول زونل سطح کے مقابلے منعقد ہوئے۔