گاندربل//منیگام اور وائل کے سینکڑوں صارفین نے سرینگر لیہ شاہراہ پر منیگام بائی پاس پر دھرنا دیتے ہوئے ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی۔احتجاجی لوگوں نے کہا کہ وائل میں موجود رسیونگ اسٹیشن میں نصب مین ٹرانسفارمر 6.0 کئی مہینوں سے ناکارہ ہے جس کے نتیجے میں منیگام،وائیل،گوٹلی باغ،کو دی جانے والی بجلی سپلائی گھنٹوں فراہم نہیں ہوتی ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس ٹرانسفارمر کو درست کرنے کیلئے کئی بار ضلع انتظامیہ سے لیکر محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران سے فریاد کی گئی لیکن حالات میں کوئی سدھار نہیں آیا جس کے بعد رسیونگ اسٹیشن پر تالہ چڑھاکر منیگام بائی پاس کے قریب سڑک پر تین گھنٹوں تک دھرنا دیا گیا،جس کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حرکت مسدود ہوکر رہ گئی۔اس موقع پر تحصیلدار لاراور محکمہ بجلی کے افسران نے موقع پرپہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کروانے کی کوشش کی لیکن مظاہرین نے مانگ کی کہ جب تک اعلیٰ حکام سے یقین دہانی نہیں کروائی جاتیم،تب تک دھرنا جاری رہے گا ۔بعد میں ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ پولیس فیاض حسین نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی جس کے بعد مظاہرین پُرامن طور منتشر ہوئے۔