گاندربل // صوبائی کمشنر بصیر احمد خان نے کل گاندربل میں سنٹرل یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹیو بلاک کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ ڈپٹی کمشنر گاندربل طارق حسین گنائی نے منی اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقعہ پر سنٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین بھی موجود تھے ۔ایڈمنسٹریٹیو اور منی اکیڈمک بلاکوں کے علاوہ شیر کشمیر زرعی یونیو رسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر نذیر احمد نے ہوسٹل بلاک کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر محمد افضل زرگر ،فائنانس آفیسر بشیر احمد حاجی کے علاوہ مختلف ڈیپارٹمنٹوں کے سربراہان ،فیکلٹی ممبران اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے ۔12352.70مربع میٹر پر بننے والے ایڈمنسٹریٹو بلاک پر 88.023 کروڑ روپت لاگت آنے کا تحمینہ ہے جبکہ اس بلاک میں 125کمرے ہونگے ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ بلاک تعمیر ہونے کے ساتھ ہی یونیورسٹی کے10شعبے کام شروع کرسکتے ہیں ۔ 5.53 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے منی اکیڈمک بلاک میں درس و تدریس کے 2شعبے کام کریں گے جبکہ ہوسٹل بلاک 43.832 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا ۔صوبائی کمشنر بصیر احمد خان نے متعلقہ ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں کو مقررہ وقت پر مکمل کریں ۔انہوں نے دپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ تعمیری کام کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی شخص اس میں رکاوٹ پیدا نہ کرے ۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین نے ڈویژنل کمشنر اور دپٹی کمشنر کا جاری کاموں میں تعاون دینے پر شکریہ ادا کیا ۔