سرینگر//گاندربل ضلع میں مختلف بینکوں اور ان سے جڑی سرکاری اسکیموں کی کامیاب عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے جموں وکشمیر بینک کی جانب سے گاندربل میں ضلع سطحی جائزہ میٹنگ اور ضلع مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔ میٹنگ میں مالی سال2020-21 کے سالانہ ضلع کریڈٹ پلان کے تحت جون اور ستمبر سہ ماہی کے دوران مختلف بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ لیڈ بینک آفس گاندربل کی طرف سے منعقد اس میٹنگ میںجموں و کشمیر بینک کے زونل ہیڈ سینٹرل دوئم سید شجاعت حسین اندرابی، چیف پلاننگ آفیسر گاندربل عرفان احمد، لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر نثار احمد بٹ ، NABARD کے ڈسٹرکٹ منیجر، ڈائریکٹر ریسیٹی، مختلف بینکوں کے نمائندوں اور متعدد سرکاری محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر نے ضلع میں موجود بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے یہ جانکاری دیدی کہ ضلع میں موجود بینکوں نے رواں مالی برس کے پہلے دو کوارٹروں کے دوران12660مستفید افراد میں 252.62کروڑ روپے بطور قرضے واگزار کئے ہیں جو کہ سالانہ ہدف کا34 فیصد ہے۔ ترجیحی سیکٹر میں 130.72کروڑ روپے اور غیر ترجیحی سیکٹر میں121.90کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں ۔ لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر نے کار کردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں موجود تمام بینکوں نے ڈپازٹس میں سال بہ سال13.21فیصد کی بڑھت درج کی ہے جبکہ ایڈوانسز میں یہ شرح 20.33فیصد ہے جبکہ ضلع کا کریڈٹ ڈپازٹ تناسب77فیصد ہے۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے تمام متعلقین کو زور دیکر کہا کہ مختلف گورنمنٹ سپانسرڈ اسکیموں اور سماجی تحفظ اسکیموںسے عوام کو باخبر کرنے اور ان تک ان اسکیموں کے فوائد پہنچانے کیلئے وہ مزید تال میل سے کام لیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر بینک کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور ضلع میں موجود سبھی بینکوں اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ التوی میں پڑے کیسوں کو جلد از جلد نپٹائیں۔ مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے بینک کے زونل ہیڈ نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک ضلع میں فائنانشل انکلوجن کی تکمیل کیلئے اپنی بھر پور کوشش کریگا۔