گاندربل+پلوامہ //جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گاندربل اور پلوامہ اضلاع کے پٹواریوںنے سنیچر کو اپنے مطالبات کو لیکر احتجاج کیا۔ضلع گاندربل سے وابستہ پٹوار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 21 فروری سے چار روزہ علامتی قلم چھوڑ ہڑتال ایک ہفتے کے لئے مؤخر کردی گئی۔اس موقع پرچار روز سے خیمہ زن صدر ضلع معراج الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے زعماء کو جموں میں ریاستی سرکار کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کی مانگوں پر نظر ثانی کی جائے گی جس کے باعث ایک ہفتے کے لئے ہڑتال مؤخر کردی گئی۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ بعد اگر ریاستی سرکار کی جانب سے لیت ولعل سے کام لیا گیا تو ہم مجبوراً ہم غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال پر جائیںگے ۔ادھرضلع پلوامہ کے سبھی پٹواریوں نے سنیچر کو ضلع صدر پلوامہ منظور صادق کی قیادت میںاونتی پورہ تحصیل آفس کے باہر جمع ہو کر احتجاج کی اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ اُن کے مطالبات پورے کئے جائیں۔ اس دوران ہڑتالی کال کو سات روز کیلئے مؤخر کیا گیا ہے۔