سرینگر//وادی کے معروف گالف کھلاڑی رضوان بشیر خان نے ایک مرحلے میں پانچویں ہول میں گیند داغ کر ایک منفرد اعزاز حاصل کیا ہے۔رائیل سپرنگ گالف کورس میں بدھ کے روز گالف کھیلتے ہوئے انہوں نے یہ مرحلہ طے کیا۔ معلوم رہے کہ ایک مرحلے میں پانچویں ہول کو نشانہ بنانا بہت مشکل عمل ہے۔خاص کر ایسے گالف کورس میں جہاں ایک طرف آبگاہ ہو اور دوسری جانب ریت کے بنکر ہوں ۔ رضواں چار افراد پر مشتمل ٹیم جس میں حشمت قاضی، ارشد قادری اور فاروق پانپوری شامل تھے، کا حصہ تھے۔ اس سے پہلے یہ اعزاز ڈاکٹر فاروق عبداللہ، حسام الدین شاہ، ڈاکٹر ارشد اور فاروق پانپوری نے حاصل کیا ہے۔ گالف کھلاڑیوں کی برادری نے رضوان بشیر کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔