سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش
وزیراعلیٰ نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں تعاون کا یقین دلایا
سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI)نے احمد آباد میں جنوبی گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SGCCI) کے ساتھ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، باہمی تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کرنے اور دونوں خطوں کے درمیان کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ایک میٹنگ کی۔بات چیت کی صدارت جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کی جس کا مقصد دونوں خطوں کے درمیان دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔کے سی سی آئی کے صدر جاوید احمد ٹینگا نے ایس جی سی سی آئی کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں چیمبروں کے درمیان 2023میں دستخط کی گئی مفاہمت کی یادداشت کی اہمیت پر زور دیا اور پائیدار، جامع اور مستقبل کے حوالے سے شراکت داری کی تعمیر کیلئے کے سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا۔ایس جی سی سی آئی کے صدر رمیش وگھاسیا نے اعلان کیا کہ ایس جی سی سی آئی جموں و کشمیر میں بالخصوص شمسی توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیٹا سینٹروں اور برقی نقل و حرکت کے شعبوں میں براہ راست سرمایہ کاری کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ SGCCIکی 84ممالک میں موجودگی ہے اور اس نے کاروباریوں اور سرمایہ کاروں کے نیٹ ورک بنائے ہیں جو کشمیر جیسے خطوں کے ساتھ شراکت داری کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہمارا مقصد کے سی سی آئی کے اراکین کو گجرات میں اپنی مصنوعات کی نمائش میں مدد کرنا ہے اور گجرات میں قائم صنعتوں کو وادی میں اعلیٰ امکانات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دینا ہے‘‘۔بات چیت کے کلیدی نتیجے کے طور پر SGCCI نے حکومت جموں و کشمیر اور KCCIکو 23 سے 25 اگست 2025 کو صورت میں منعقد ہونے والی آئندہ عالمی سرمایہ کاری اور سیاحتی نمائش میں شرکت کے لیے باضابطہ طور پر مدعو کیا۔وزیر اعلی عمر عبداللہ نے اپنے خطاب میں اس اقدام کی ستائش کی اور اس طرح کی مصروفیات کو قابل عمل تعاون میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے دورہ کرنے والے چیمبر اور ممکنہ سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ جموں و کشمیر حکومت KCCI-SGCCI حقیقی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے لیے سنگل ونڈو سہولت فراہم کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور جنوبی گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے میں ان کی دور اندیشی اور وژن کی تعریف کی جس کا مقصد دونوں خطوں کے درمیان باہمی ترقی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ایم ایل اے گلمرگ فاروق احمد شاہ، ایم ایل اے پہلگام الطاف احمد کلو اور ایڈیشنل چیف سکریٹری دھیرج گپتا سمیت کئی سینئر عہدیداروں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔کے سی سی آئی کے وفد میں سیکریٹری جنرل فیض احمد بخشی، جوائنٹ سیکرٹری جنرل عمر نذیر تبت بقال، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران عامر منظور گنائی اور محمد ابراہیم کے علاوہ ممتاز ہوٹلیئر اور کے سی سی آئی کے ممبر مشتاق احمد چایا اور دیگر سٹیک ہولڈر شامل تھے۔