جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر ٹوراِزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے 91 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرس میٹنگ کی صدارت کی۔اِس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی ، ناظم سیاحت جموں اور دیگر اَفسران موجود تھے۔مشیر موصوف نے جے کے ٹی ڈی سی اَفسران سے کہا کہ وہ اَپنے اثاثوں کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال اور بہتر منافع کیلئے حکمت عملی تیار کرے۔ اُنہوں نے کارپوریشن کے زیر التوأ عدالتی معاملات اور دیگر امور کو اپنے دعوؤں کو مؤثر انداز میں پیش کرتے ہوئے مقدمات کی بروقت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ موجودہ وَبائی مرض کی وجہ سے جے کے ٹی ڈی سی کو اَپنے اثاثوں کے مؤثر اِستعمال کے لئے اِختراعی حکمت عملی اپنانا چاہئے۔مشیر نے کارپوریشن کو تجارتی بنیادوں پر مختلف مقامات پر اپنی جائیدادوں کے نرخوں پر نظر ثانی کرنے کو کہا۔یوٹیلی ٹیز کی اَپ گریڈیشن کے بارے میں مشیربصیر خان نے سیاحوں کے مقامات اور دیگر امور کو مدنظر رکھتے ہوئے رقم کے فائدہ مند استعمال کی ہدایت دی۔منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی نے جے کے ٹی ڈی سی کی طرف سے کاروبار کو بہتر بنانے اور اِنتظامی امور کو حل کرنے کے لئے اُٹھائے جارہے مختلف اِقدامات کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔اُنہوں نے بورڈ کو کارپوریشن کی کارکردگی اور اس کے مستقبل رفتار پر مبنی کاروباری چیلنجوں اور مواقعوں کی بنیاد پر بھی آگاہ کیا۔ اُنہوں نے2019-20 کے دوران ہونے والی مختلف ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔بورڈ خرد بردکے خاتمے کے لئے کمپیوٹر پر مبنی بلنگ سسٹم متعارف کرنے اور اکاؤنٹنگ سوفٹ ویئر کی تشکیل پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی۔