جموں//ڈوگری سنستھا جموں کی جانب سے پیر کو یہاں کے ایل سہگل ہال میں ’’ ڈوگری تحریک اور ڈوگری سنستھا‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ سمینار منعقد ہوا۔ سمینار کا اِفتتاح گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کیا۔اِس موقعہ پر اشوک دَتا کو اُن کی کتاب ’’ سوچن دی رہیل‘‘ کے لئے پروفیسر رام ناتھ شاستری یادگاری ایوارڈ 2019ء سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈ انہیں مشیر موصوف نے عطا کیا۔مشیر موصوف نے سمینار کے اِنعقاد کے لئے ڈوگری سنستھا کو مبارک باد دی ہے اور کہا کہ مذکورہ اِدارہ ڈوگری زبان کو فروغ دینے کے لئے پچھلے 75برسوں سے کام کررہاہے ۔اُنہوںنے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر مختلف تمدّنوں او رتہذیبوں کا ایک گہوارہ ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے لوگوں کو اپنی منفرد تہذیب و تمدن پر ناز ہے ۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ڈوگری سنستھا اس برس اپنے قیام کے 75سال مکمل کر رہا ہے۔پروگرام کے دوران ہائیر سکینڈری سکولوں میں تعینات ڈوگری زبان کے اساتذہ کی بھی عزت افزائی کی گئی۔ خورشید احمد گنائی نے اعزا ز حاصل کرنے کے لئے ان اساتذہ کو مبارک باد دی ۔اِس سے قبل ڈوگری سنستھا کے صدر پروفیسر للت مگوترا نے مہمانوں کا اِستقبال کرتے ہوئے ڈوگری سنستھا کی حصولیابیوں کا تذکرہ کیا۔پروگرام کی نظامت ششی پٹھانیہ نے کی۔