بلال فرقانی
سرینگر//اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) نے پٹواری حلقہ باغات شور عید گاہ کو سابق پٹواری کے ہمراہ رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو میں ایک شخص نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ پٹواری حلقہ باغات شور عید گاہ جمیل حسین خان اراضی سے متعلق دستاویزات کے اجرا کی خاطر نو ہزا رروپیہ کی رشوت طلب کر رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شکایت موصول ہوتے ہی اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 15/2022کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو نے ایک جال بچھایا جس دوران پٹواری جمیل حسن خان کو اُس کے قریبی ساتھی شفاعت الرحمن (سابق پٹواری ) کے ذریعے شکایت کنندہ سے نو ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا۔ شفاعت الرحمن محکمہ مال میں پٹواری کے طور پر کام کر رہا تھا اور اُس کو سال 2009میں رشوت لیتے ہوئے ویجی لنس نے گرفتارکیا تھا اور اس کیس میں نچلی عدالت نے اُنہیں مجرم بھی قرار دیا ۔ سابق پٹواری کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 15/2009کے تحت ایک کیس بھی درج ہے ۔اے سی بی کے مطابق حاضر سروس پٹواری اور ریٹائرڈ پٹواری دونوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں اُن کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی ضبط کی گئی۔