عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار جاوید احمد ڈار نے کل کہا کہ کھاد کی کھیپ کو صرف نمونوں کی جانچ کے بعد ہی وادی میں جانے کی اجازت ہے۔ رُکن اسمبلی ہلال اکبرلون کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ کھاد کی جانچ کے لئے اودھمپورریک پر بیچ وائز نمونے لینے کا ایک منظم طریقہ کار موجود ہے جہاں سے یہ نمونے جموں کے کوالٹی کنٹرول لیب میں ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ وزیر زراعت نے مزید کہا کہ لور مُنڈا میں ایک چیک پوائنٹ قائم ہے جہاں کھاد اور کیڑے مار اَدویات کی کھیپ کے دستاویزات کی تصدیق کی جاتی ہے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ 2024-25ء کے دوران 3,010 کیڑے مار اَدویات اور 1,065 کھاد کے نمونے جانچ کے لئے جمع کئے گئے ہیں۔