یو این آئی
میامی/کیپ ورڈے نے ایک اور چونکا دینے والا مظاہرہ کرتے ہوئے یوراگوئے کو 2-2 سے ڈرا پر روک کر اپنے پہلے ورلڈ کپ میں لگاتار دوسرا پوائنٹ حاصل کر لیا۔ کیپ ورڈے دو پوائنٹس کے ساتھ راؤنڈ آف 32 میں جانے کی دوڑ میں برقرار ہے ۔کیون پینا نے 34 یاڈ کی شاندار فری کک پر گول کر کے کیپ ورڈے کو برتری دلائی، لیکن ہاف ٹائم سے پہلے میکسی آراؤجو اور اگسٹن کینوبیؤ کے گولوں نے یوراگوئے کو 2-1 سے آگے کر دیا۔ کیپ ورڈے پر شکست کا خطرہ منڈلا رہا تھا، ایسے وقت میں اس نے مقابلے کے 57 ویں منٹ میں اپنے اہم کھلاڑی ہیلیو واریلا کو میدان پر اتارا۔ واریلا نے میدان پر اترنے کے 136 ویں سیکنڈ میں ہی اپنا کام کر دیا۔ میچ کے 60 ویں منٹ میں انہوں نے گول داغ کر اسکور 2-2 کی برابری پر لا کھڑا کیا۔ یہ دو بار کی ورلڈ چیمپئن رہی یوراگوئے کے لیے بڑا جھٹکا ثابت ہوا۔ ہیلیو واریلا کا یہ پہلا بین الاقوامی گول تھا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہیں اور مقابلہ 2-2 سے ڈرا پر ختم ہوا۔