ہوانا//کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے سب سے بڑے ہوائی اڈے سے آج ایک بوئنگ -737 مسافر بردار طیارہ پرواز کے کچھ دیر بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ۔ طیارہ کا ملبہ ہوانا سے 20 کلومیٹر دور جنوب میں بوئے روژ کے زرعی علاقے میں برآمد کیا گیا۔ کیوبا کے صدر مگیل ڈیاز کنیل نے بتایا کہ طیارہ میں مسافروں سمیت عملے کے کل 114 افراد سوار تھے ۔اس حادثے میں صرف تین افراد زندہ بچ پائے ہیں جوکہ شدید زخمی ہیں۔یہ طیارہ گھریلو پرواز کے تحت ہوانا سے ھولگن جا رہا تھا۔ اس طیارہ میں پانچ بچوں سمیت کل 105 مسافر سوار تھے ۔ اس کے علاوہ ہوائی جہاز میں عملے کے نو اراکین بھی تھے ۔ صدر کنیل نے بتایا کہ طیارے کے حادثے کے بعد لگی آگ کو بجھا لیا گیا ہے اور انتظامیہ نے ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی شناخت کرنی شروع کر دی ہے ۔ انتظامیہ طیارہ کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے ۔بدقسمت طیارے کا ملبہ ہوانا کے علاقے رینچوبوئیروس میں کھیت میں پایا گیا جس میں آگ لگی ہوئی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پرپہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا سلسلہ شروع کیا۔ ۔خیال رہے کہ کیوبا کی قومی فضائی کمپنی نے یہ بوئنگ طیارہ میکسیکو کی کمپنی سے لیز پرلیا ہوا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 11 اپریل کو الجزائر میں فوجی اڈے کے قریب طیارہ گرکرتباہ ہوگیا تھا جس میں سوال تمام 257 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ مارچ 2002 میں چھوٹا آنٹونوو 2 طیارہ کیوبا کے وسطی صوبے سانٹا کلارا میں گرکرتباہ ہوا تھا جس میں 16 غیرملکی افراد ہلاک ہوئے تھے۔