عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے فیصلوں سے مسلسل ہلچل مچانے میں مصروف ہیں۔ پولیس کو غیرقانونی تارکین وطن کو بغیر کسی وجہ کے گرفتار کرنے کا اختیار دے گیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تارکین وطن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خاص ہدف ہیں، تیس ہزار غیرقانونی تارکین وطن کو گوانتانا موبے جیل بھیجنے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے ۔رپورٹس کے مطابق گوانتانا مو بے کیوبا کے جنوب مشرقی حصے میں واقع امریکی جیل ہے ۔ اسے گوانتانا مو بے حراستی مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے ، جہاں 2002 کے بعد سے دہشت گردی کے مشتبہ ملزمان کو قید رکھا گیا ہے ۔رپورٹس کے مطابق امریکی انتظامیہ نے فلسطین کی حمایت میں مظاہروں میں شریک طلبہ کے ویزے منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے امریکی صدر ایک ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کریں گے جس کے تحت فلسطین کے حق میں مظاہروں میں شریک طلبہ کو ڈی پورٹ کردیا جائے ۔ڈ ٹرمپ نے کینیڈا اور میکسیکو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممنوعہ اودویات کی ترسیل اور مہاجرین کی آمد نہ روکی تو پچیس فیصد ٹیرف لگا دوں گا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا اور میکسیکو کو ایک اور ٹیرف لگانے کی دھمکی دیدی، ٹرمپ کی جانب سے دونوں ممالک پر تیل کی درآمدات پر ٹیرف لگائے جانے کا امکان ہے ۔اس سے قبل واشنگٹن میں مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے ٹکرانے کے واقعے پر امریکا کے نئے صدر ٹرمپ کا بیان سامنے آیا تھا، جس میں انھوں نے کسی مسافر کے زندہ نہ بچنے کی تصدیق کی ہے ، ٹرمپ نے کہا کہ میری انتظامیہ ایوی ایشن سیفٹی کیلئے قابل افراد کو نامزد کرے گی۔ٹرمپ نے کہا کہ موسم بالکل صاف تھا، لائٹس بھی جل رہی تھیں، امریکا اور امریکی شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔امریکی صدر نے کہا کہ میں نے حفاظت کو اولین ترجیح دی، اوباما، بائیڈن اور ڈیموکریٹس نے پالیسی کو اولین ترجیح دی۔وہ دراصل ہدایات کے ساتھ آئے تھے جبکہ ہم اہل لوگوں کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔مسافر طیارہ حادثے سے متعلق ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ مسافرطیارے کے دریا میں گرنے سے پہلے دو ٹکڑے ہوگئے تھے ، ہیلی کاپٹر کے بلیڈ نے حادثے میں طیارے کو دو ٹکڑوں میں تباہ کردیا تھا۔واضح رہے کہ یہ خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ طیارے میں اسکیٹنگ ورلڈ چیمپئن روسی جوڑا بھی موجود تھا، فائر چیف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دریائے پوٹومیک سے 28 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ مزید مسافروں کی تلاش کا عمل جاری ہے ۔
‘شام میں ہمارا کوئی کام نہیں’
یو این آئی
واشنگٹن// امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شام میں ہمارا کوئی کام نہیں ، ہم اس معاملے پر کوئی فیصلہ کریں گے ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں موجودہ مسائل کے بارے میں پریس مندوبین کے سوالات کے جواب دیے ۔ٹرمپ نے ایک سوال کہ “اسرائیلی میڈیا میں خبریں آرہی ہیں کہ امریکہ شام سے اپنی فوجوں کا انخلا کر دے گا، کیا آپ نے اس بارے میں کوئی فیصلہ کیا ہے ؟” کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ”ہم شام کے بارے میں فیصلہ کریں گے ۔ شام کے اپنے مسائل ہیں۔ وہاں پہلے ہی حالات کافی پیچیدہ ہیں ۔ ہمیں وہاں مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں ۔”