سرینگر// نیشنل کانفرنس نے حکومت کی طرف سے دکانداروں اور کاروباری اداروں کو سی سی ٹی وی نصب کرنے کے حکم کو تاناشاہی پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس کو فوری طور واپس لینے پر زور دیاہے۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ یہاں کا تجارتی اور کاروباری طبقہ گذشتہ برسوں کے دوران کس قدر بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ حکومت کو یہاں کے تاجر اور کاروباری طبقے کی راحت کاری کیلئے جہاں ایک امدادی پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے تھا ،وہیں اس کے برعکس حکومت اس طبقہ پر اپنے نئے احکامات کے ذریعے مزید بوجھ بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دکانداروں اور دیگر کاروباریوں کو اعلیٰ قسم کے CCTV کیمرے نصب کرنے کا حکم جاری کیاہے ، جس پر30ہزارروپے کی لاگت آتی ہے اور دیکھ بھال کا خرچہ الگ سے ۔ ترجمان نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب تجارتی اور کاروباری طبقہ اپنا وجود بچانے کی جدوجہد میں لگا ہو اہے ، ایسے اضافی خرچے کیسے برداشت کرسکتا ہے؟ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس غیر دانشمندانہ حکمنامے کو واپس لیں اور اگر حکومت کو سیکورٹی وجوہات کیلئے CCTVکیمرے نصب کرانے کی اتنی ہی مجبوری ہے تو پھر اس کا خرچہ بھی حکومت کو ہی برداشت کرنا چاہئے ۔