سرینگر // سرد ترین دنوں پر مشتمل 40روزہ ’چلہ کلان‘کی آمد کے دوسرے دن کشمیر میں موسم نے رنگ بدلا اور توقع کے برعکس وادی میں اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی ۔وادی کشمیر میں گذشتہ دو دنوں سے وقفہ وقفہ سے جاری بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات تھم گیا اور جمعہ کو مطلع صاف ہونے کے بعد دن بھر دھوپ کھلی رہی۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ پہاڑوں پر حالیہ برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہونے سے وادی کے کچھ ایک علاقوں میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری دیکھنے کو ملی جبکہ کچھ ایک علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا ۔ ترجمان کے مطابق سرینگر اور اُس کے گردونواح کے علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔پہلگام ، گلمرگ اور کپوارہ ایسے علاقے رہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔پہلگام میں منفی 4.0 ڈگری ، گلمرگ میں منفی 6.0ڈگری اور کپوارہ میں منفی 0.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔اسی طرح قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0،کوکرناگ میں 2.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اس دوران خطہ لداخ کا لیہہ علاقہ ریاست میں بدستور سرد ترین مقام بنا ہوا ہے ۔ لیہہ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی.0 9ڈگری جبکہ قصبہ کرگل میں منفی 8 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیاگیا۔