عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری و ممبر اسمبلی خانیار علی محمد ساگر نے اسپورٹس کونسل کے عہدیداروں کے ساتھ شہر خاص کے خانیار حلقہ کے رڈ پورہ اور غنی میموریل اسپورٹس سٹیڈیم کا دورہ کیا۔انہوں نے مذکورہ کھیل کے میدانوں میں کھلاڑیوں کے لئے کھیلوں کی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے 1 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیرسپورٹس کونسل کے ساتھ ان کھیلوں کی سہولیات میں مقامی لوگوں کا کرایہ معاف کرنے میں مزید تعاون کا یقین دلایا اور خاص طور پر شہر خاص میں منشیات کی لعنت سے لڑنے اور اس پر قابو پانے میں کھیلوں کے کردار پر زور دیا۔ساگر نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ ’’ ہمارے خطے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور ہماری حکومت باصلاحیت نوجوانوں کے ہنر کو نکھارنے کیلئے ہر قسم کی ضروری مدد اور تربیت فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔